ایئر اسٹرائیک: پنجاب کے سرحدی علاقوں میں بھی ہائی الرٹ جاری

ہندوستانی فضائیہ کی طرف سے ایل او سی کے پار پاکستان کے بالاکوٹ علاقہ میں فضائی کارروائی کرنے کے بعد پنجاب حکومت نے سرحدی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

چنڈی گڑھ: ہندوستانی فضائیہ کی طرف سے ایل او سی کے پار پاکستان کے بالاکوٹ علاقہ میں فضائی کارروائی کرنے کے بعد پنجاب حکومت نے سرحدی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل جموں و کشمیر میں بھی ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

کنٹرول لائن پر پیدا ہوئی تازہ صورت حال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے پنجاب کی طرف سے سرحد پر کسی بھی طرح کے حالات سے نمٹنے کے لئے ریاستی حکومت کی طرف سے تیاری کے حوالہ سے سلسلہ وار ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے سرحدی اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں اور پولس سربراہوں کو ہر ممکن اقدام اٹھا کر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے پختہ قدم اٹھانے کو کہا۔

نظم و نسق کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے وزیر اعلیٰ کی صدارت میں ہوئی اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ لوگوں کی یقین بحالی کے لئے وزیر اعلیٰ بذات خود پٹھان کوٹ سے فیروز پور تک سڑک سے دورہ کریں گے۔ میٹنگ کے دوران کہا گیا کہ سرحدی علاقوں میں کسی طرح کا خطرہ نہیں ہے، لہذا وہاں کے باشندگان کو فی الحال کسی دوسرے مقام پر لے جانے کی ضرورت نہیں ہے۔

وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے پرنسپل چیف سکریٹری سریش کمار، چیف سکریٹری کرن اوتار سنگھ، داخلہ سکریٹری این ایس کلسی، ڈی جی پی دنکر گپتا اور ڈی جی پی انٹیلی جنس وی کے بھاورا سمیت پولس اور سول انتظامیہ کے سینئر افسران کے ساتھ موجودہ صورت حال کے تمام پہلؤوں پر غور خوض کیا۔

وزیر اعلیٰ کے میڈیا مشیر روین ٹھکرال جوکہ اس میٹنگ میں موجود تھے، انہوں نے بتایا کہ کیپٹن امریندر سنگھ نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ صورت حال پر نزدیک سے نظر رکھی جائے اور حفاظتی انتظامات میں کوئی چوک نہ ہونے پائے۔ ٹھکرال نے بتایا کہ حالات کے حوالہ سے ریاستی حکومت مرکزی داخلی اور دفاعی وزارتوں کے ساتھ رابطہ میں ہے۔ ٹھکرال نے کہا کہ حکومت کسی بھی ممکنہ صورت حال سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔

وزیر اعلیٰ نے اس حوالہ سے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے بھی گفتگو کی۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے ہندوستان کی طرف سے پاکستان میں انجام دی گئی فضائی کارروائی کی پوری طرح حمایت دی۔ انہوں نے کہا، ’’ہندوستانی فضائیہ نے اہم محاذ فطح کیا ہے اور پاکستان اور اس کی پشت پناہی حاصل دہشت گردوں کو واضح اشارہ دے دیا ہے کہ وہ یہ نہ سوچیں کہ وہ پلوامہ جیسے دہشت گرد حملہ کو انجام دینے کے بعد بھاگ کر نکل جائیں گے۔‘‘

واضح رہے کہ سی آر پی ایف کے قافلہ پر حملہ ہونے کے فوری بعد بھی امریندر سنگھ، جو کہ خود بھی فوج میں کیپٹن رہ چکے ہیں، نے واضح کیا تھا کہ وہ سخت جوابی کارروائی کے حق میں ہیں اور مرکزی حکومت کی کارروائی کے حوالہ سے جو بھی فیصلہ ہوگا کانگریس پارٹی اسے حمایت دے گی۔

ہندوستانی فضائیہ کی پی اوکے میں کارروائی کے بعد ہماچل پردیش میں الرٹ جاری

ایئر اسٹرائك کے بعد ہماچل پردیش میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ اعلی سطحی ذرائع نے بتایا کہ صوبہ میں چوکسی برتنے اور مختلف ٹھکانوں کی سیکورٹی کا نظام چوکس کرنے کے ساتھ ریاست میں مقیم کشمیری شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے بھی احکامات دیئے گئے ہیں۔ دھرمشالہ کے يول چھاؤنی علاقے اور کانگڑا کے پالمپور میں اسکول بند کئے گئے ہیں۔

کانگڑا سے موصولہ خبروں کے مطابق کانگڑا ہوائی اڈے اور باندھوں کی سیکورٹی کا نظام چوکس کردیا گیا ہے۔ ہوائی اڈے کا عملہ انہیں مسافروں کو اندر جانے دے رہا ہے جن کے پاس ٹکٹ ہیں۔ ہوئی اڈے کے ڈائریکٹر نے ایک میٹنگ کے بعد سیکورٹی کے نظام کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات دی۔ پونگ ڈیم پر بھی سیکورٹی کے نظام پختہ کئے گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔