شیبو سورین کو ہیمنت سورین کا جذباتی خراج، ’بابا صرف والد نہیں، رہنمائی کا سرچشمہ تھے‘

ہیمنت سورین نے والد شیبو سورین کو جھارکھنڈ کی روح قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ محض والد نہیں بلکہ ان کی زندگی کے رہنما، جدوجہد کی علامت اور عوام کی ڈھال تھے

<div class="paragraphs"><p>شیبو سورین اور ہیمنت سورین کی فائل تصویر / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

رانچی: جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے اپنے والد اور جھارکھنڈ تحریک کے ستون شیبو سورین کے انتقال پر ایک جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔ انہوں نے منگل کی صبح ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اور فیس بک پر ایک جذبانی پوسٹ کے ذریعے اپنی کیفیت بیان کرتے ہوئے لکھا، ’’میں اپنی زندگی کے سب سے کٹھن دنوں سے گزر رہا ہوں۔ میرے سر سے صرف والد کا سایہ نہیں اٹھا، بلکہ جھارکھنڈ کی روح کا ستون چلا گیا۔ میں انہیں صرف ’بابا‘ نہیں کہتا تھا، وہ میرے رہنما، میرے خیالات کی بنیاد اور وہ گھنا سایہ تھے جو ہزاروں جھارکھنڈیوں کو ناانصافی اور دھوپ سے بچاتا تھا۔‘‘

ہیمنت سورین نے لکھا کہ ’بابا‘ صرف ان کے والد نہیں، بلکہ ان کے سب سے بڑے استاد، حوصلہ دینے والے اور جدوجہد کی جیتی جاگتی مثال تھے۔ انہوں نے اپنے بچپن کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا، ’’میں نے انہیں ہل چلاتے ہوئے، لوگوں کے بیچ بیٹھتے ہوئے دیکھا ہے۔ وہ محض تقریر نہیں کرتے تھے، لوگوں کا درد محسوس کرتے تھے۔ بچپن میں جب میں پوچھتا کہ لوگ آپ کو ’دیشوم گرو‘ کیوں کہتے ہیں، تو وہ مسکرا کر کہتے، بیٹا! میں نے ان کا دکھ سمجھا اور ان کی لڑائی اپنی بنا لی۔ یہ خطاب نہ کسی کتاب میں لکھا ہے، نہ پارلیمنٹ نے دیا، بلکہ یہ جھارکھنڈ کے عوام کے دلوں سے نکلا ہے۔‘‘


ہیمنت سورین نے شیبو سورین کی سادگی، اخلاقی قوت اور جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا، ’’میں نے بچپن سے انہیں قبائلی معاشرے، غریبوں، محروموں اور پسماندہ طبقات کی آواز بنے دیکھا ہے۔ ان کی انتھک جدوجہد نے جھارکھنڈ ریاست کا خواب پورا کیا لیکن اقتدار ان کے لیے کبھی مقصد نہیں رہا، وہ صرف خدمت کا ذریعہ تھا۔‘‘

انہوں نے مزید لکھا، ’’میں نے ان سے سیکھا کہ مشکل حالات میں بھی اصولوں پر ڈٹے کیسے رہا جاتا ہے۔ وہ کبھی جھکے نہیں، کبھی ہار نہیں مانی۔ وہ جھارکھنڈ کی روح تھے، اور ہمیشہ رہیں گے۔‘‘

پیغام کے اختتام پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ اپنے والد کے ادھورے خوابوں کو مکمل کرنے کا عہد کرتے ہیں۔ ’’میں، آپ کا بیٹا، آپ کا وعدہ نبھاؤں گا۔ جھارکھنڈ آپ کا مقروض رہے گا۔‘‘

خیال رہے کہ81 سالہ شیبو سورین کا انتقال پیر کے روز نئی دہلی کے سر گنگا رام اسپتال میں علاج کے دوران ہوا۔ ان کی آخری رسومات منگل کو دوپہر 12 بجے کے بعد ان کے آبائی گاؤں، ضلع رام گڑھ کے نیمرا گاؤں میں ادا کی جائیں گی۔ انہیں ان کے چھوٹے بیٹے بسنت سورین کندھا دیں گے۔ آخری رسومات میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی سمیت کئی قومی قائدین کی شرکت متوقع ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔