ہیمنت سورین نے جھارکھنڈ کے 11 وزیراعلی کے عہدے کا حلف لیا

عظیم الشان تقریب میں جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے ایگزیکٹو چیئرمین ہیمنت سورین کو وزیراعلی کے عہدے کا حلف دلایا گیا۔ 44 سالہ ہیمنت سورین دوسری مرتبہ ریاست کے وزیراعلی بنے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

رانچی: جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) مہاگٹھ بندھن کی قیادت کرنے والے ہیمنت سورین نے آج جھارکھنڈ کے گیارہویں وزیراعلی کے طور پر عہدے کا حلف لیا۔ گورنر ددروپدی مرمو نے یہاں تاریخی مورہا بادی میدان میں منعقدہ عظیم الشان تقریب میں جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے ایگزیکٹو چیئرمین ہیمنت سورین کو وزیراعلی کے عہدے کا حلف دلایا۔ 44 سالہ ہیمنت سورین دوسری مرتبہ ریاست کے وزیراعلی بنے ہیں۔


اس موقع پر کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی، مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی ایم) کے لیڈر سیتا رام یچوری، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے جنرل سکریٹری ڈی راجہ، راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت، مدھیہ پردیش کے وزیراعلی کمل ناتھ موجود تھے۔ اگرچہ حلف برداری کی تقریب میں مدعو وزیراعظم نریندر مودی اپنی مصروفیت کے سبب اس میں شامل نہیں ہوسکے۔


جھارکھنڈ تشکیل کے 19 سال میں یہ پانچواں موقع ہے جب ریاست کا سب سے بڑا سیاسی گھرانہ اقتدار میں آیا ہے۔ ہیمنت سورین کے والد شیبو سورین تین مرتبہ جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ رہے اور ان کی مدت کار دس مہینے دس دن کی رہی۔ حالانکہ شیبو سورین اور ہیمنت سورین کی مدت کار کو ملا دیں تو جھارکھنڈ میں سورین کنبہ اقتدر میں27 ماہ دس دن ہی رہا ہے۔ شیبو سورین پہلی مرتبہ 02 مارچ 2005 کو ریاست کے وزیراعلیٰ بنے اور ان کی مدت کار محض دس دن یعنی 12 مارچ 2005 تک ہی رہی۔

اس کے بعد سورین دوسری مرتبہ 28 اگست 2008 سے 18 جنوری 2009 تک وزیراعلیٰ رہے۔ وزیراعلیٰ عہدے پر ان کی تیسری مدت کار 30 دسمبر 2009 سے 31 مئی 2010 تک رہی۔ ہیمنت سورین پہلی مرتبہ 13 جولائی 2013 کو جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ بنائے گئے اور ان کی مدت کار 23 دسمبر 2014 تک رہی۔


علیحدہ ریاست کے طور پر 15 نومبر 2000 کو جھارکھنڈ کی تشکیل عمل میں آنے کے بعد اس کے پہلے وزیراعلیٰ بابو لال مرانڈی بنائے گئے۔ اس حکومت کی مقامی پالیسی سے متعلق ریاست میں مچے سیاسی گھماسان کی وجہ سے مرانڈی کے مقام پر ارجن منڈا کو ریاست کا وزیراعلیٰ بنایا گیا۔

ارجن منڈا جھارکھنڈ کے تین مرتبہ وزیراعلیٰ رہے۔ وزیراعلیٰ کے عہدہ پر ان کی پہلی مدت کار 18 مارچ 2003 سے 02 مارچ 2005 تک، دوسری مدت کار 12 مارچ 2005 سے 19 ستمبر 2006 تک اور تیسری مدت کار 11 ستمبر 2010 سے18 جنوری 2013 تک رہی۔


جھارکھنڈ میں تین مرتبہ صدر راج کا نفاذ ہوا۔ ریاست میں پہلی مرتبہ صدر راج 19 جنوری 2009 سے 29 دسمبر2009 تک، دوسری مرتبہ 01 جون 2010 سے 10 ستمبر 2010 تک اور تیسری مرتبہ 18 جنوری 2013 سے 13 جولائی 2013 تک نافذ رہا۔ جھارکھنڈ ایسی ریاست ہے جہاں آزاد رکن مدھو کھوڑا وزیراعلیٰ بنائے گئے۔ ان کی مدت کار 12 مارچ 2005 سے 18 ستمبر 2006 تک رہی۔

جھارکھنڈ کو پہلی مرتبہ رگھور داس کے طور پر ایک غیر قبائیلی وزیراعلیٰ ملا اور وہ پہلے وزیراعلیٰ رہے جنہوں نے پانچ سال کی مدت کا ر پوری کی۔ جھارکھنڈ میں ابھی تک چھ لوگ وزیراعلیٰ بنائے گئے ہیں۔ جن میں شیبو سورین اور ارجن منڈا تین۔ تین بار، ہیمنت سورین دومرتبہ اور بابو لال مرانڈی، مدھو کوڑا اور رگھور داس ایک۔ایک بار وزیراعلیٰ رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔