ہیمنت سورین کو فی الحال سپریم کورٹ سے راحت نہیں مل سکی، عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ملتوی

جب یہ معاملہ سپریم کورٹ کے سامنے لایا گیا تو ای ڈی کی جانب سے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو نے اس پر جواب دینے کے لیے وقت مانگا۔

<div class="paragraphs"><p>ہیمنت سورین / آئی اے این ایس</p></div>

ہیمنت سورین / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو جمعہ کو سپریم کورٹ سے راحت نہیں مل سکی۔ سورین نے ای ڈی کی کارروائی اور گرفتاری کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔ انہوں نے انتخابی تشہیر کے لئے عبوری ضمانت کے لئے بھی درخواست دائر کی ہے لیکن جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس دیپانکر دتہ کی بنچ نے کہا کہ وقت کی کمی کے سبب اس پر تفصیلی سماعت ممکن نہیں۔ عدالت کی جانب سے ای ڈی کو پیر، 20 مئی تک جواب داخل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

عدالت عظمیٰ نے آئندہ منگل یعنی 21 مئی کو سپریم کورٹ کے تعطیلاتی بنچ کے سامنے درخواست کی فہرست بنانے کی ہدایت کی۔ جمعہ کو جب یہ معاملہ سپریم کورٹ کے سامنے لایا گیا تو ای ڈی کی جانب سے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو نے اس پر جواب دینے کے لیے وقت مانگا۔


جب عدالت نے اے ایس جی سے ہیمنت سورین کی عبوری ضمانت کے بارے میں جاننا چاہا تو انہوں نے کہا کہ سورین کو 31 جنوری کو گرفتار کیا گیا تھا اور ان کی باقاعدہ ضمانت کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انتخابات کے چار مراحل پہلے ہی ختم ہو چکے ہیں۔

سینئر وکیل کپل سبل نے سورین کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے کہا کہ فی الحال انتخابات کے تین مراحل 20، 25 مئی اور یکم جون کو ہیں اور اس پر غور کیا جانا چاہئے۔ اس پر بنچ نے کہا کہ جب تک بنچ اس معاملے میں بادی النظر مطمئن نہیں ہوتی، کوئی حکم نہیں دیا جا سکتا۔


بنچ نے کہا کہ آج تفصیلی سماعت کا وقت نہیں ہے۔ بنچ نے ای ڈی کو پیر تک اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ اس سے قبل جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے ہیمنت سورین کی گرفتاری کو چیلنج کرنے والی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔ ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سورین نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی ہے۔

خیال رہے کہ 31 جنوری کو ای ڈی نے ہیمنت سورین کو رانچی کے بڑگائیں علاقے میں 8.66 ایکڑ زمین پر غیر قانونی قبضے اور منی لانڈرنگ کے معاملے میں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا۔ ہیمنت سورین کے علاوہ ای ڈی نے 30 مارچ کو زمین کے اصل مالک راجکمار پاہن، ہیمنت سورین کے قریبی ساتھی ونود کمار، ریونیو سب انسپکٹر بھانو پرتاپ پرساد اور ہلاریس کچھپ کے خلاف بھی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔

اس میں بتایا گیا ہے کہ ہیمنت سورین نے نہ صرف یہ کہ غیر قانونی طور پر زمین حاصل کی بلکہ تحقیقات شروع ہونے پر شواہد کو ختم کرنے کی بھی کوشش کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔