تحریک اعتماد لائے گی ہیمنت سورین حکومت، 5 ستمبر کو اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب

جھارکھنڈ اسمبلی اسپیکر نے گزشتہ 5 جولائی کو ایوان کا مانسون اجلاس طے وقت سے ایک دن قبل غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا تھا، اب اسی اجلاس کے سلسلے میں 5 ستمبر کو میٹنگ طلب کی گئی ہے۔

ہیمنت سورین، تصویر یو این آئی
ہیمنت سورین، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

جھارکھنڈ کی ہیمنت سورین حکومت نے جمعرات کو ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں آئندہ 5 ستمبر کو اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلانے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ پارلیمانی امور کے وزیر عالمگیر عالم نے کہا ہے کہ اس دوران حکومت ایک بار پھر اعتماد کا ووٹ ثابت کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ ریاست کے موجودہ حالات کے مدنظر یہ طے کیا گیا ہے اور اس سے چیزیں واضح ہو جائیں گی۔

کابینہ نے یہ ’خصوصی میٹنگ‘ اسمبلی کے مانسون اجلاس کے تحت منعقد کرنے کی منظوری دی ہے۔ اسمبلی اسپیکر ربیندر ناتھ مہتو نے گزشتہ 5 جولائی کو مانسون اجلاس کو طے وقت سے ایک دن پہلے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا تھا۔ اب اسی اجلاس کے سلسلے میں 5 ستمبر کو میٹنگ بلائی گئی ہے۔ یعنی تکنیکی طور پر اس خصوصی اجلاس کے لیے گورنر کی منظوری کی ضرورت نہیں پڑے گی۔


بتایا جا رہا ہے کہ دہلی کی کیجریوال حکومت کی طرح ہی ہیمنت سورین کی حکومت بھی اسمبلی میں تحریک اعتماد پاس کر یہ پیغام دینے کی کوشش کرے گی کہ حکومت کے پاس واضح اکثریت ہے۔ حکومت کے مستقبل کو لے کر ظاہر کیے جا رہے اندیشوں کے مدنظر یہ اہم اسٹریٹجک قدم ہے۔

آج ہوئی کابینہ میٹنگ میں مجموعی طور پر 25 تجاویز کو منظوری دی گئی ہے۔ اس میں ایک اہم فیصلہ یہ ہے کہ حکومت جھارکھنڈ کی سرحد سے باہر دوسری ریاستوں میں وی وی آئی پی اور وی آئی پی موومنٹ کے لیے ایک مہینے کے لیے چارٹرڈ طیارے کرایہ پر لے گی۔ اس پر 2 کروڑ 6 لاکھ 50 ہزار روپے خرچ ہوں گے۔ میٹنگ میں سرکاری ملازمین کے لیے یکم ستمبر 2022 کی تاریخ سے پرانی پنشن اسکیم نافذ کرنے، پنچایت سکریٹری کی خالی اسامیوں پر تقرری رول کو ترمیم کرنے جیسے فیصلے بھی لیے گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔