مصیبت کے وقت ایک دوسرے کے کام آنا ہی اصل دین اسلام ہے: شاہی امام پنجاب
آج سابق شاہی امام مولانا حبیب الرحمان ثانی لدھیانوی کی چوتھی برسی ہے۔ اس موقع پر احرار فاؤنڈیشن کی جانب سے سیلاب متاثرین کو 50 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے گئے۔

نئی دہلی/لدھیانہ 10 ستمبر: آج لدھیانہ کی تاریخی جامع مسجد میں سابق شاہی امام مولانا حبیب الرحمن ثانی لدھیانوی کی چوتھی برسی (یومِ وفات) کے موقع پر احرارفاؤنڈیشن لدھیانہ کی جانب سے پنجاب کے مختلف سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں 50 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شاہی امام مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی نے کہا کہ ملک اور معاشرے کی خدمت کی تعلیم انہیں اپنے والد مرحوم سابق شاہی امام مولانا حبیب الرحمن سے وراثت میں ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جب پنجاب میں سیلاب کی وجہ سے کئی خاندان متاثر ہوئے، تو لدھیانہ کی جامع مسجد کے اعلان کے بعد ملک بھر کی مسلم کمیونٹی نے محبت و بھائی چارے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دل کھول کر تعاون کیا۔ مصیبت کے وقت اتحاد کا ثبوت دینے پر میں سبھی لوگوں کا ہمیشہ مشکور رہوں گا۔
شاہی امام مولانا عثمان لدھیانوی نے کہا کہ جامع مسجد لدھیانہ کے ادارہ احرار فاؤنڈیشن نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے راشن کے علاوہ مدد کا ہاتھ بڑھایا ہے، جن کے مکانات اس میں بری طرح تباہ ہوئے ہیں۔ شاہی امام نے کہا کہ اس خدمت میں تمام مذاہب کے لوگوں کو شامل کیا گیا ہے کیونکہ مشکل وقت میں اپنے پڑوسی کے ساتھ دکھ بانٹنا ہی اصل دین اسلام ہے۔ شاہی امام مولانا عثمان لدھیانوی نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے دنیا بھر میں مشکل وقت میں ہمیشہ ہر مذہب کا ساتھ دیا ہے۔ مختلف برادریوں کے لوگ جو آج پنجاب پہنچ رہے ہیں وہ پنجابیوں کے خدمت خلق اور قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ہم متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد نہیں دے رہے بلکہ ان سے اپنی محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ احرار فاؤنڈیشن ہندوستان کی جدوجہد آزادی میں انگریزوں کے خلاف ایک مشہور مسلم پارٹی مجلس احرار اسلام ہند کی ایک سماجی خدمت کی تنظیم ہے جو کہ لدھیانہ کی جامع مسجد سے چلائی جاتی ہے، جس کے ڈائریکٹر شاہی امام مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔