مغربی یوپی کے شہروں میں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے دوران چپے چپے پر سخت پہرہ، فلیگ مارچ اور کڑی نگرانی
بریلی، علی گڑھ، امروہہ، میرٹھ، مظفرنگر اور نوئیڈا میں نمازِ جمعہ کے پیش نظر سخت سیکورٹی تعینات رہی۔ مساجد کے اطراف فلیگ مارچ کیا گیا، حساس علاقوں پر کڑی نظر رکھی گئی اور عوام سے امن کی اپیل کی گئی

لکھنؤ: مغربی اتر پردیش کے کئی شہروں میں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے لیے پولیس اور انتظامیہ نے سخت حفاظتی انتظامات کیے۔ بریلی کی گزشتہ ہفتے کی کشیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بار نہ صرف بریلی بلکہ علی گڑھ، امروہہ، میرٹھ، مظفرنگر اور نوئیڈا میں بھی کڑی نگرانی کی گئی اور بھاری نفری تعینات کی گئی۔
بریلی میں ضلعی مجسٹریٹ اویناش سنگھ اور ایس ایس پی انوراگ آریہ نے نماز سے قبل پولیس فورس کے ساتھ فلیگ مارچ کیا۔ مساجد کے اطراف پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود رہی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔
ضلعی مجسٹریٹ نے کہا کہ گزشتہ جمعہ کو نماز کے بعد کچھ عناصر نے حالات بگاڑنے کی کوشش کی تھی جس پر فوری قابو پایا گیا، اسی لیے اس بار انتظام مزید سخت کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بے گناہ کو پریشان نہیں کیا جائے گا لیکن شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
علی گڑھ میں پرانے شہر کے حساس علاقوں میں ریپڈ ایکشن فورس اور بھاری پولیس فورس کے ساتھ فلیگ مارچ ہوا۔ اے ایس پی مینک پاٹھک نے بتایا کہ شہر کو سات سیکٹروں میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر سیکٹر میں مجسٹریٹ اور پولیس افسر موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو یہ پیغام دینا ضروری ہے کہ انتظامیہ پوری طرح الرٹ ہے اور حالات قابو میں ہیں۔
امروہہ میں ایس پی امت کمار آنند کے حکم پر شہر کے چوراہوں اور حساس مقامات پر اضافی پولیس فورس تعینات رہی۔ اہلکاروں کو ہر نکڑ اور گلی میں موجود رکھا گیا تاکہ ذرا سی بھی حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔ پولیس اور خفیہ ادارے بھی پوری طرح متحرک ہیں۔ ایس پی نے کہا کہ ماحول خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو سختی سے کچلا جائے گا۔
میرٹھ میں بھی جمعہ کی نماز کے پیش نظر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے۔ پولیس اور پی اے سی کے دستے حساس علاقوں میں تعینات رہے۔ انتظامیہ کی جانب سے مسلسل گشت کے ساتھ ڈرون کیمروں سے نگرانی کی گئی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکا جا سکے۔ شہر کو زون اور سیکٹروں میں تقسیم کرکے سکیورٹی بڑھائی گئی تھی۔ پولیس نے کئی مقامات پر فلیگ مارچ کیا اور لوگوں سے اپیل کی ہے کہ افواہوں پر دھیان نہ دیں۔
مظفرنگر میں ایس ایس پی سنجے کمار ورما نے خود نگرانی کی اور افسران کے ساتھ مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نمازِ جمعہ کا پرامن انعقاد سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ نماز سے قبل مذہبی رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ ہوئی جس میں عوام سے افواہوں پر کان نہ دھرنے اور سکون کے ساتھ نماز ادا کرنے کی اپیل کی گئی۔
نوئیڈا میں بھی پولیس کا انتظام غیر معمولی طور پر سخت رہا۔ سیکٹر 8 کی جامع مسجد سمیت حساس مقامات پر دو ہزار سے زیادہ اہلکار تعینات کیے گئے۔ ڈی سی پی سمیت کئی اعلیٰ افسران موقع پر موجود رہے۔ عوام کو یقین دلایا گیا کہ شہر بھر میں مکمل امن قائم رکھنے کے لیے انتظامیہ ہر وقت چوکس ہے۔
مجموعی طور پر مغربی یوپی کے یہ تمام شہر پرامن رہے اور نمازِ جمعہ بلا کسی رکاوٹ کے مکمل ہوئی۔ عوام اور مذہبی رہنماؤں نے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کر کے یہ واضح پیغام دیا کہ امن اور سکون سب سے مقدم ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔