ہمالیائی علاقوں میں شدید برفباری اور بارش، کئی راستے بند، تعلیمی ادارے متاثر

اتراکھنڈ، ہماچل اور لیہ میں شدید برفباری سے سردی میں اضافہ، کئی سڑکیں بند اور تعلیمی ادارے متاثر۔ محکمہ موسمیات نے اورنج الرٹ جاری کر دیا، جبکہ آئندہ دنوں میں مزید برفباری کا امکان ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

ہندوستان کے ہمالیائی علاقوں میں شدید برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث کئی راستے بند ہو گئے ہیں اور تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ اتراکھنڈ کے اترکاشی، رودرپریاگ اور چمولی جیسے اضلاع جمعہ کے روز شدید برفباری سے متاثر ہوئے۔ گنگوتری دھام، ہرشیل، مکھبا، دایارا بگیا، کیدارناتھ اور چپوتا جیسے بلند مقامات پر برف کی چادر بچھ گئی ہے۔ سردی کی شدت میں اضافے سے مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم کسانوں نے اچھی فصل کی امید ظاہر کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے اتراکھنڈ کے پہاڑی علاقوں میں مزید برفباری اور بارش کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق لداخ کے لیہ میں درجہ حرارت منفی 14 ڈگری تک گر گیا ہے، جہاں شدید برفباری کے باعث ہوائی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔

ہماچل پردیش کے کُلّو، لاہول-اسپیتی، چمبا، شملہ اور کنّور میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شدید برفباری کے سبب 250 سے زائد سڑکیں بند ہو گئی ہیں، جبکہ چمبہ، لاہول-اسپیتی اور کُلّو کے اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔


کُلّو اور لاہول-اسپیتی میں برفانی تودے گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے کئی دیہاتوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ چمبا میں 39 سڑکیں بند، جبکہ 810 دیہات بجلی سے محروم ہو چکے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یکم اور 2 مارچ کو موسم صاف رہے گا، جبکہ 3 اور 4 مارچ کو دوبارہ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ لوگوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔