تمل ناڈو میں شدید بارش: چار اضلاع میں اسکول-کالج بند، مدراس اور انّا یونیورسٹی کے امتحانات ملتوی

تمل ناڈو میں شدید بارش کے باعث چنئی، تروولور، کانچی پورم اور چنگل پٹو میں آج تعلیمی ادارے بند، جبکہ مدراس اور انا یونیورسٹی نے امتحانات ملتوی کر دیے گئے۔ آئی ایم ڈی نے مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے

<div class="paragraphs"><p>تمل ناڈو میں بارش / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

تمل ناڈو میں مسلسل ہونے والی شدید بارش نے عام زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے، جس کے بعد ریاست کے چار اہم اضلاع چنئی، تروولور، کانچی پورم اور چِنگل پٹّو میں منگل کے روز تمام اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ محکمۂ موسمیاتِ ہند (آئی ایم ڈی) کے مطابق یہ بارش حال ہی میں بنے سمندری نظام اور ’سائیکلون دِتوا‘ کے اثرات کے سبب ہو رہی ہے، جس نے ساحلی علاقوں میں غیر معمولی صورتحال پیدا کر دی ہے۔

آئی ایم ڈی نے اپنے تازہ ترین بلیٹن میں بتایا کہ چنئی سے تقریباً 50 کلو میٹر مشرق میں ایک ڈیپ ڈیپریشن کئی گھنٹوں سے تقریباً ایک ہی مقام پر قائم ہے جس کے باعث شمالی تمل ناڈو کے ساحلی علاقوں میں بارش کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ یہ نظام اگلے 12 گھنٹوں میں کمزور ہو کر ڈپریشن میں تبدیل ہو جائے گا اور جنوب مغرب کی سمت بڑھتے ہوئے شہر سے تقریباً 30 کلو میٹر دور چلا جائے گا، تاہم اس کے قریب ہونے کی وجہ سے بارش بدستور جاری رہ سکتی ہے۔


چنئی میں صبح سے لگاتار ہونے والی بارش نے شہری زندگی کو بے حد متاثر کر دیا ہے۔ متعدد اہم سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، ٹریفک نظام درہم برہم ہو گیا اور رہائشی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ گاڑیاں کا پانی بھرے راستوں سے گزرنا محال ہو گیا جبکہ کئی علاقوں میں ٹریفک جام کی صورتحال دیکھنے میں آئی۔

بارش کی شدت کو دیکھتے ہوئے چاروں اضلاع کے ڈسٹرکٹ کلکٹروں نے احتیاطاً آج کے لیے تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔ اسی کے ساتھ مدراس یونیورسٹی اور انّا یونیورسٹی نے بھی منگل کو ہونے والے سیمسٹر امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

محکمۂ موسمیات نے مزید پیش گوئی کی ہے کہ بدھ سے 5 دسمبر تک تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکال کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے اور کہیں کہیں بجلی چمکنے اور گرج کے ساتھ ہلکی یا درمیانی بارش کا امکان ہے۔ حکام نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں، ممکن ہو تو گھروں میں رہیں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔