دہلی-یوپی سمیت کئی ریاستوں میں شدید بارش کے آثار، ہماچل میں تباہی کے بعد راحت و بچاؤ کام تیزی سے جاری
ہماچل پردیش کے منڈی میں بادل پھٹنے سے آئے سیلاب اور لینڈ سلائڈ کی زد میں آکر مرنے والوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔ ایک خاتون کی لاش جمعرات کی دیر شام بیاس ندی سے برآمد ہوئی۔ 56 لوگ ابھی بھی لاپتہ ہیں۔

ہماچل پردیش میں تباہی کا منظر۔ ویڈیو گریب/یوٹیوب
شمالی ہند کی کئی ریاستوں میں مانسون کی بارش نے زبردست تباہی مچائی ہے لیکن دہلی-یوپی سمیت پورے این سی آر میں ابھی بھی شدید بارش کا انتظار ہے۔ یہاں وافر مقدار میں بارش نہیں ہونے سے شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حالانکہ جمعہ کو دہلی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تھوڑی اچھی بارش ہوئی پھر بھی اومس سے نجات نہیں ملی۔ پسینے سے دہلی کے لوگوں کا حال بے حال رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج (5 جون) دہلی، ہریانہ سمیت پنجاب، اتر پردیش، مدھیہ پردیش، راجستھان، بہار اور جھارکھنڈ وغیرہ ریاستوں میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی ہے کہ ہفتہ کو دن بھر بادل چھائے رہیں گے۔ بادل گرجنے، بجلی چمکنے اور ہلکی سے درمیانی سطح کی بارش ہونے کے بھی آثار ہیں۔
دوسری طرف ہماچل پردیش میں شدید بارش اور بادل پھٹنے سے زبردست تباہی مچی ہے۔ یہاں حالات کافی خراب ہو چکے ہیں جسے پٹری پر لانے کا کام جاری ہے۔ ریاست کے سیلاب سے متاثر منڈی ضلع کے مختلف علاقوں میں راحت اور بچاؤ کاموں میں تیزی آئی ہے۔ این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف کے بعد فوج کے جوانوں نے بھی مورچہ سنبھال لیا ہے۔
این ڈی آر ایف کے جوانوں نے جمعہ کو سراج حلقے کے دیجی گاؤں سے 65 لوگوں کو محفوظ نکالا ہے۔ یہ سبھی لوگ سیلاب اور لینڈ سلائڈ کی وجہ سے راستہ ٹوٹنے سے پھنسے ہوئے تھے۔ این ڈی آر ایف کی ٹیم خراب راستوں سے 9 کلومیٹر پیدل چل کر دیجی گاؤں پہنچی۔ سب سے پہلے بیمار لوگوں کی صحت کی جانچ کی گئی۔ بعد میں انہیں راحت کیمپوں میں پہنچایا گیا۔
منڈی ضلع میں 30 جون کو بادل پھٹنے سے آئے سیلاب اور لینڈ سلائڈ کی زد میں آکر مرنے والوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔ ایک خاتون کی لاش جمعرات کی دیر شام کانگڑا ضلع کی بیاس ندی سے برآمد ہوئی۔ 56 لوگ ابھی بھی لاپتہ ہیں۔ فضائیہ کے ہیلی کاپٹر سے راحت اشیاء بھیجی جا رہی ہے۔ لاپتہ لوگوں کی ڈرون سے تلاش جاری ہے۔ فی الحال ہیڈکوارٹر چاروں اطراف سے کٹا ہوا ہے۔ بجلی اور ٹیلی کمیونکیشنز خدمات جزوی طور سے بحال کر دی گئی ہیں۔
اتراکھنڈ میں مسلسل ہو رہی بارش سے چار دھام یاترا میں رکاوٹ پیدا ہو گئی ہے۔ جمعہ کو شدید بارش سے کیدار ناتھ پیدل راستے کو نقصان ہونے سے یاترا چھ گھنٹے متاثر رہی۔ دوپہر تقریباً 12 بجے راستہ کھلنے پر گوری کنڈ سے تیرتھ یاتریوں کو پیدل راستے پر جانے کی اجازت دی گئی۔ اس دوران دھام سے واپس ہو رہے 500 تیرتھ یاتریوں کو بھی بحفاظت گوری کنڈ پہنچایا گیا۔
اتر پردیش میں بارش کے ساتھ بجلی گرنے کے واقعات میں جانی نقصان ہوا ہے۔ اس کی زد میں آنے سے الگ الگ ضلعوں میں 10 لوگوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ 10 جھلس گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔