اوڈیشہ میں بھاری بارش سے 3 افراد کی موت، 19 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر

حکومت نے کہا کہ اس نے پانچ متاثرہ اضلاع کے ذیلی علاقوں سے 3819 لوگوں کو نکالا ہے، جبکہ 9 متاثرہ اضلاع میں 265 مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔

اوڈیشہ میں بارش / آئی اے این ایس
اوڈیشہ میں بارش / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بھونیشور: اوڈیشہ کے 11 اضلاع کے 19.53 لاکھ سے زیادہ لوگ اتوار کے روز صبح سے ریاست میں ہو رہی بھاری بارش سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ عہدیداران نے پیر کے روز یہ اطلاع فراہم کی۔ خصوصی راحت کمشنر (ایس آر سی) کے دفتر کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ کے مطابق 11 اضلاع کے 2789 گاؤوں میں 19.53 لاکھ سے زیادہ افراد بارش سے متاثر ہوئے ہیں۔

گیارہ اضلاع جو بارش سے متاثر ہیں وہ کالاہانڈی، کندھمال، کوراپٹ، کٹک، جاجپور، پوری، جگت سنگھ پور، کیندر پاڑا، ڈھینکنال، کھوردھا اور انگل ہیں۔ حکومت نے کہا کہ اس نے پانچ متاثرہ اضلاع کے ذیلی علاقوں سے 3819 لوگوں کو نکالا ہے، جبکہ 9 متاثرہ اضلاع میں 265 مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔


رپورٹ کے مطابق پیر کے روز ریاست میں تین، کیندر پاڑا سے دو دیواروں کے گرنے اور ایک کی ڈوبنے سے موت ہونے کی خبر کھوردھا ضلع سے موصول ہوئی ہے۔ لگاتار بارش کے بعد اوڈیشہ کی اہم ندیاں اپھان پر ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مہاندی کی آبی سطح مختلف مقامات پر بڑھ رہی ہے۔

جلاکا ندی مہتانی میں 05.60 میٹر پر بہہ رہی ہے جبکہ خطرے کا نشان 5.50 میٹر پر ہے۔ بھاری بارش کے سبب محکمہ آبی وسائل کے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ پوری، کھوردھا، کٹک، جگت سنگھ پور، کیندر پاڑا، دھینکنال، نیاگڑھ، سنبل پور، دیوگڑھ، انگول، سونپور اور برگڑھ کے سبھی اسکول دو دن، 13 اور 14 ستمبر کے لیے بند ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔