کیرالہ میں شدید بارش، نو اضلاع میں یلو الرٹ

کیرالہ کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے نو اضلاع پتھاناماتھیٹا، کوٹائم، ایرناکولم، اڈوکی، تھریسور، پالکاڈ، ملاپورم، کوزی کوڈ اور وایناڈ کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے

<div class="paragraphs"><p>کیرالہ میں بارش /فائل تصویر / یو این آئی</p></div>

کیرالہ میں بارش /فائل تصویر / یو این آئی

user

قومی آوازبیورو

ترواننت پورم: کیرالہ کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے نو اضلاع پتھاناماتھیٹا، کوٹائم، ایرناکولم، اڈوکی، تھریسور، پالکاڈ، ملاپورم، کوزی کوڈ اور وایناڈ کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔

موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے دارالحکومت ترواننت پورم کے کئی علاقوں میں سیلاب آ گیا ہے۔ شہر کے چکہ میں ترواننت پورم بین الاقوامی ہوائی اڈے کی طرف جانے والی سڑک مکمل طور پر پانی میں ڈوب گئی اور کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔

نئی دہلی جانے والے ایک مسافر رمیش نائر نے آئی اے این ایس کو بتایا، ’’ایئر پورٹ کی طرف جانے والی سڑک سیلابی پانی سے بھر گئی ہے۔ میں پیدل ہی ایئرپورٹ پہنچا۔ گاڑیاں سڑک پر پھنسی ہوئی ہیں اور ٹریفک متاثر ہوا ہے۔‘‘ دریں اثنا، ترواننت پورم میں کازاکوٹم میں مشہور ٹیکنوپارک کمپلیکس، جس میں کئی سافٹ ویئر کمپنیاں ہیں، بھی ڈوب گئی۔


ایک معروف عالمی ٹیکنالوجی کمپنی میں سافٹ ویئر پروفیشنل جاب تھامس نے بتایا، ’’آج ہماری کمپنی میں چھٹی ہے لیکن ہمارے دفتر کے لوگوں نے مجھے بتایا کہ احاطے میں پانی بھر گیا ہے۔ اگر بارش اسی طرح جاری رہی تو یہ ہم سب کے لیے ایک بڑا مسئلہ پیدا کر دے گی۔‘‘

انڈین نیشنل سینٹر فار اوشین انفارمیشن سروسز (آئی این سی او آئی ایس) نے اتوار کی رات تک کیرالہ کے ساحل کے ساتھ اونچی سمندری لہروں اور سمندری پانی میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔

لوگوں کو ساحلوں پر جانے اور کشتیوں کو سمندر میں لے جانے سے منع کیا گیا ہے۔ ماہی گیروں کو بھی سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ نشیبی علاقوں اور شہروں میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے عوام اور حکومتی نظام کو الرٹ رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔