دہلی-این سی آر میں شدید بارش، سڑکوں پر بھرا پانی، نوئیڈا کے تمام اسکول بند

دہلی اور نوئیڈا سمیت این سی آر کے علاقوں میں صبح کو شدید بارش ہوئی، جس کی وجہ سے کئی مقامات پر پانی جمع ہو گیا۔ نوئیڈا میں شدید بارش کے بعد ضلع انتظامیہ نے تمام اسکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں بارش، فائل تصویر / یو این آئی</p></div>

دہلی میں بارش، فائل تصویر / یو این آئی

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی-این سی آر میں شدید بارش ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کا اندازہ ہے کہ دہلی، نوئیڈا اور آس پاس کے علاقوں میں اگلے چند گھنٹوں تک موسلادھار بارش ہوگی۔ دہلی میں سیلاب کا پانی ابھی کم ہوا ہی تھا کہ پانی جمع ہونے کا خطرہ پھر بڑھنے لگا ہے۔ نوئیڈا اور غازی آباد میں ہنڈن ندی کے پانی کی سطح بڑھنے سے پہلے ہی سیلاب کا پانی پھیل گیا ہے۔ ایسے میں موسلا دھار بارش مصیبت کا باعث بن سکتی ہے۔

نوئیڈا میں شدید بارش کے بعد ضلع انتظامیہ نے تمام اسکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق، اگلے چند گھنٹوں میں دہلی کے نریلا، بوانہ، علی پور، براڑی، ماڈل ٹاؤن، کراول نگر، سول لائنز، دلشاد گارڈن، سیما پوری، کشمیری گیٹ، سیلم پور، شاہدرہ، ویویک وہار لال قلعہ، پریت وہار، راجیو چوک، آئی ٹی او، پریت وہار اور اکشردھام کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہوگی۔ دوسری طرف این سی آر کی بات کریں تو گڑگاؤں، لونی دیہات، ہنڈن اے ایف اسٹیشن، غازی آباد، اندرا پورم، چھپرولا، نوئیڈا اور دادری میں بارش ہوگی۔


اس کے علاوہ یوپی کے کئی علاقوں بشمول بجنور، کھتولی، سکوتی ٹانڈہ، ہستینا پور، بڑوت، دورالہ، باغپت، میرٹھ، کھیکڑا، مودی نگر، کٹھور، گڑھ مکتیشور، پلکھوا، ہاپوڑ، گلوتی، سیانہ، سہارنپور، گنگوہ، چاند پور، نجیب آباد،، شاملی، کاندھلہ میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوگی۔

موسم کی پیش گوئی کرنے والی ایجنسی اسکائی میٹ نے پہلے ہی شدید بارش کی وارننگ جاری کر دی تھی۔ اسکائی میٹ نے الرٹ میں کہا تھا کہ پچھلے 48 گھنٹوں سے مغربی وسطی اور اس سے ملحقہ شمال مغربی خلیج بنگال پر ایک طوفانی گردش بنی ہوئی ہے۔ ایجنسی نے کہا تھا کہ شمالی ساحلی آندھرا پردیش اور چھتیس گڑھ اور تلنگانہ کے ملحقہ حصوں میں سائیکلون کی گردش کا ایک جوڑا پہلے سے موجود ہے۔ اس کے اثر کی وجہ سے اگلے 24 گھنٹوں میں کم دباؤ کا علاقہ بن سکتا ہے جس کی وجہ سے کئی ریاستوں میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے ملک کی 12 ریاستوں میں شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راجدھانی دہلی میں 28 جولائی تک موسلادھار بارش دیکھنے کو مل سکتی ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کو مرطوب گرمی سے راحت ملے گی لیکن جمنا کے پانی کی سطح بڑھنے کے امکان سے سیلاب کا خطرہ ایک بار پھر منڈلا رہا ہے۔ درجہ حرارت کی بات کریں تو اس میں دو ڈگری کی کمی دیکھی جا سکتی ہے۔ آج کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری تک گر سکتا ہے۔ 28 جولائی تک موسم ایسا ہی رہ سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔