دہلی-این سی آر میں صبح صبح موسلا دھار بارش، جگہ جگہ آبی جماؤ، محکمہ موسمیات کا ریڈ الرٹ جاری
محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی-این سی آر میں اگلے کچھ گھنٹوں تک بارش کا سسلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ وہیں اتر پردیش، مدھیہ پردیش، بہار کے کچھ حصوں میں بھی آج موسم کا مزاج بگڑنے کا امکان ہے۔

دہلی-این سی آر میں آج صبح موسم نے اچانک کروٹ لے لی اور کالے گھنے بادلوں نے آسمان کو پوری طرح ڈھک لیا۔ پھر دیکھتے ہی دیکھتے موسلادھار بارش نے دہلی کی سڑکوں کو شرابور کر دیا۔ شدید بارش سے جگہ جگہ آبی جماؤ ہو گیا اور آمد و رفت بھی متاثر ہوئی۔ مسافروں کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ سڑک پر دھیان سے چلیں کیونکہ رکچھا بندھن کے موقع پر سڑکوں پر بھیڑ بھی ہونے والی ہے۔
بارش کا سب سے زیادہ اثر دہلی کے نچلے علاقوں میں دیکھنے کو ملا ہے۔ کناٹ پلیس جیسے پاش علاقے بھی آبی جماؤ کی زد میں آ گئے ہیں جہاں سڑکیں تالاب میں تبدیل ہوگئیں۔ گاڑیاں پانی میں ڈوبتی-اترتی نظر آئیں اور پیدل چلنے والوں کو اپنے قدم سنبھالنے میں کافی مشقت کرنی پڑی۔ دہلی کے کئی دیگر حصوں جیسے لکشمی نگر، آئی ٹی او اور جنوبی دہلی کے کچھ علاقوں میں بھی سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ہے جس سے ٹریفک جام کی حالت بن گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی-این سی آر میں اگلے کچھ گھنٹوں تک بارش کا سسلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ آئی ایم ڈی نے پورے دہلی-این سی آر میں ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آبی جماؤ والے علاقوں سے بچیں اور ٹریفک کی تازہ خبروں پر نظر بنائے رکھیں۔ آئی ایم ڈی نے ہفتہ کے لیے دہلی کا کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ 36 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
دہلی کے ساتھ نوئیڈا میں بھی رک رک کر بارش کا دور جاری ہے۔ وہیں صبح سے ہی آسمان میں گھنے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ بادلوں کی وجہ سے شہر میں تاریکی چھا گئی۔
دوسری طرف اتر پردیش، مدھیہ پردیش، بہار، راجستھان، ہریانہ، پنجاب کے کچھ حصوں میں بھی موسم کا مزاج بگڑنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹے کے دوران اتر پردیش، بہار، مغربی بنگال، مشرقی آسام، اروناچل پردیش، انڈما و نکوبار جزائر گروپ، اتراکھنڈ، کرناٹک، لکش دیپ، تلنگانہ اور مراٹھ واڑہ کے کچھ حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ کچھ مقامات پر بھاری بارش بھی ہو سکتی ہے۔
شمال مشرقی ہند، جھارکھنڈ، اوڈیشہ، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، ودربھ، وسط مہاراشٹر، کونکن و گوا، تمل ناڈو، آندھرا پردیش، دہلی کے کچھ حصوں، پنجاب، ہریانہ، ہماچل پردیش اور جموں و کشمیر میں ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔