جنوبی ہند میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی، کیرالہ اور تمل ناڈو کے کئی اضلاع میں اورنج الرٹ جاری
کیرالہ اور تمل ناڈو میں شدید بارش کی پیش گوئی، آئی ایم ڈی نے دونوں ریاستوں کے کئی اضلاع میں اورنج الرٹ جاری کیا، تعلیمی ادارے بند، عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت

آئی اے این ایس
ترواننت پورم/چنئی: جنوبی ہند میں مانسون کی شدت میں اضافے کے بعد کیرالہ اور تمل ناڈو کے کئی اضلاع میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں محکمہ موسمیات نے دونوں ریاستوں کے کئی اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ان علاقوں میں 115.6 ملی میٹر سے 204.4 ملی میٹر تک بہت زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔
کیرالہ میں جن اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے ان میں ایرناکولم، اڈوکی، تریشور، پلکڑ، ملپورم، کوزیکوڈ، وائناڈ، کنّور اور کاسرگوڈ شامل ہیں۔ جبکہ پتھنمتھٹہ، الاپپڑہ اور کوٹایم میں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے، جہاں 64.5 سے 115.5 ملی میٹر تک بارش ہونے کا امکان ہے۔
کاسرگوڈ ضلع انتظامیہ نے شدید بارش کی پیش گوئی کے پیشِ نظر تمام تعلیمی اداروں میں ایک دن کی تعطیل کا اعلان کیا ہے، جو اسکولوں، کالجوں، مرکزی و پیشہ ورانہ تعلیمی اداروں، ٹیوشن مراکز، مذہبی تعلیمی اداروں اور خصوصی کلاسز پر بھی نافذ العمل ہوگا۔ تاہم، پہلے سے طے شدہ امتحانات حسبِ معمول منعقد کیے جائیں گے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ خلیج بنگال میں سرگرمیوں کے باعث 24 جولائی تک ملک بھر میں مانسون کی شدت میں اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں کیرالہ میں خاص طور پر 21 جولائی تک کچھ علاقوں میں بہت شدید بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ نے 22 جولائی تک ریاست کے بعض حصوں میں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کی بھی وارننگ دی ہے۔ عوام کو ندیوں، تالابوں اور ممکنہ سیلابی علاقوں میں جانے سے گریز کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ ماہی گیروں کو سمندر کا رخ نہ کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
ادھر تمل ناڈو میں بھی موسم میں نمایاں تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔ ریجنل میٹ سنٹر (آر ایم سی) چنئی نے نیل گری اور کوئمبٹور اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے، جہاں گزشتہ دنوں میں 11.8 سینٹی میٹر اور 11.2 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، تمل ناڈو کے کئی علاقوں میں 24.4 سینٹی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔ تھینی، ڈنڈیگل اور تینکاسی اضلاع میں اگلے دو دنوں تک تیز بارش کا امکان ہے، جبکہ ریاست کے تقریباً 50 فیصد مراکز پر ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔
آر ایم سی کے مطابق، جنوب مغربی مانسون اس وقت کیرالہ، کرناٹک اور تمل ناڈو کے مغربی گھاٹ علاقوں میں سرگرم ہے، جس کا اثر تمل ناڈو کے سرحدی علاقوں تک محسوس کیا جا رہا ہے۔ چنئی سمیت ساحلی اضلاع میں دوپہر اور شام کے وقت گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
بارش کے نتیجے میں بعض علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی دیکھی جا رہی ہے، البتہ مدورائی اور کَرور جیسے اندرونی اضلاع فی الحال ان اثرات سے محفوظ ہیں اور وہاں گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ دونوں ریاستوں میں مقامی انتظامیہ اور آفاتِ سماوی سے نمٹنے والی ٹیموں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے، جبکہ حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی خبروں پر نظر رکھیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔