یوپی میں 48 گھنٹوں سے تباہ کن بارش کا سلسلہ جاری، 42 افراد ہلاک

اترپردیش میں لگاتار ہو رہی بارش نے تباہی مچا کر رکھ دی ہے اور اب تک 42 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، سب سے زیادہ 12 اموات بارہ بنکی میں واقع ہوئی ہیں

لکھنؤ میں بارش
لکھنؤ میں بارش
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: اترپردیش میں گزشتہ 48 گھنٹوں سے لگاتار بارش ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے ریاست بھر میں تباہی ہوئی ہے۔ موسلا دھار بارشوں نے اب تک 42 افراد کی جان لے لی ہے۔ شدید بارش کی وجہ سے سڑکیں تالاب بن گئی ہیں اور گندا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔ دریں اثنا، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ بارش سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کے لیے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں۔

بارہ بنکی میں بارشوں کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ یہاں کے کئی علاقوں میں گھروں کی دیواریں گر گئی ہیں اور ضلع بھر میں اب تک 12 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں خواتین اور چھوٹے بچے بھی یشامل ہیں۔

بارہ بنکی کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی بارش نے تباہی مچائی ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اب تک الہ آباد میں 6، فتح پور اور باندہ میں 5-5، جونپور میں 4، رائے بریلی میں 3، پرتاپ گڑھ، امیٹھی اور سلطان پور میں 2-2 اور کوشامبی میں ایک ایک شخص کی موت ہو چکی ہے۔


محکمہ موسمیات سے موصولہ معلومات کے مطابق دارالحکومت لکھنؤ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 13 سینٹی میٹر بارش ہوئی ہے۔ وہیں، ہردوئی میں 12 سینٹی میٹر، کانپور شہر میں 10 سینٹی میٹر، بہرائچ میں 6 سینٹی میٹر اور سلطان پور میں 5 سینٹی میٹر بارش درج کی گئی ہے۔

یوپی میں اسکول کورونا پروٹوکول کے ساتھ یکم ستمبر سے ہی کھولے گئے ہیں لیکن بارش کی وجہ سے انہیں دوبارہ بند کرنا پڑا۔ ریاست میں مسلسل بارش کی وجہ سے تمام اسکول اور کالجوں دو دن کے لیے بند کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔