آندھرا پردیش میں بارش کا قہر جاری، آبی جماؤ میں بس پھنسنے سے 12 افراد ہلاک

وزیر اعلیٰ جگن موہن ریڈی ہفتہ کے روز سیلاب متاثرہ علاقوں کا ہوائی جائزہ لیں گے، وہ متعلقہ ضلع کلکٹروں کے ساتھ بارش کے حالات پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد کڈپّا، چتّور اور نیلّور وغیرہ کا دورہ کریں گے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

آندھرا پردیش کے کڈپّا ضلع میں جمعہ کے روز زوردار بارش کے سبب آئے سیلاب میں پھنس جانے سے کم از کم 12 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ دیگر 18 لوگوں کے لاپتہ ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ راحت رسانی اہلکاروں نے 12 لاشوں کو برآمد کر لیا ہے جب لاپتہ لوگوں کی تلاش جاری ہے۔

یہ واقعہ تب ہوا جب جمعہ کو کڈپا ضلع کے مانڈپلے، اکیپاڈو اور نندلورو گاؤں میں بسیں سیلاب کے پانی میں پھنس گئیں۔ ڈرائیور اور کنڈکٹر سمیت مسافر بسوں کی چھت پر چڑھ گئے تھے۔ کچھ کو مقامی باشندوں نے بچا لیا جب کہ 30 لوگوں کے بہہ جانے کا اندیشہ ہے۔ نندلورو کے پاس ایک آر ٹی سی بس سے تین لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ گنڈلورو میں سات لاشیں ملیں، جب کہ تین لاشیں رائے ورم علاقے سے نکالی گئیں۔


اس سے قبل موسلادھار بارش کے سبب آج ضلع میں انّامیا تالاب ٹوٹ گیا، جس سے گنڈلورو، شیس ممباپورم اور منڈپلے کے آس پاس کے گاؤں میں سیلاب آ گیا۔ اس درمیان اننت پور ضلع میں چتراوتی ندی میں پھنسے 10 لوگوں کو ہندوستانی فضائیہ کے ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ائیرلفٹ کیا گیا۔ مقامی افسران کے ذریعہ سیلاب کے پانی میں پھنسے لوگوں کو بچانے میں ناکام رہنے کے بعد ہیلی کاپٹر کی مدد لی گئی۔ پولیس نے کہا کہ این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، فائر بریگیڈ سروس اور تیراکوں نے بھی بچاؤ مہم میں حصہ لیا۔

جمعہ کی صبح پڈوچیری اور چنئی کے درمیان شمالی تمل ناڈو اور اس سے ملحق جنوبی آندھرا پردیش کی ساحلوں کو پار کرنے والے دباؤ کے اثر میں نیلور، چتور، کڈپا اور اننت پور ضلعوں میں جمعہ کو خوب بارش ہوئی۔ تین اضلاع کے ذیلی علاقوں میں پانی بھر گیا، جب کہ نالوں، ٹینک اور تالابوں میں بھی پانی کی طغیانی دیکھی گئی۔ ریاست میں زوردار بارش نے معمولات زندگی کو تہس نہس کر دیا ہے۔ متاثرہ علاقوں کے سبھی تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے نیلور، چتور اور کڈپا ضلعے میں بچاؤ اور راحت کاموں کی نگرانی کے لیے تین خصوصی افسران کی تقرری کی ہے۔ مندر نگری تروپتی کے کئی علاقوں میں جمعہ کو پانی بھر گیا۔ جمعرات سے ہو رہی بارش نے قصبے میں قہر برپا کر رکھا ہے۔


وزیر اعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی ہفتہ کے روز سیلاب متاثرہ علاقوں کا ہوائی جائزہ لیں گے۔ وزیر اعلیٰ متعلقہ ضلع کلکٹروں کے ساتھ بارش کے حالات پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد کڈپّا، چتّور اور نیلّور سمیت بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔