دہلی-این سی آر میں موسم کا مزاج بدلا، تیز ہواؤں کے ساتھ جھماجھم بارش، شدید گرمی سے ملی راحت
صفدر جنگ میں ژالہ باری اور گرج کے ساتھ بارش کے علاوہ طوفانی ہوائیں چلنے کی اطلاع ملی ہے۔ محکمہ موسمیات نے دہلی-این سی آر میں شدید طوفان اور تیز ہوا کی وارننگ جاری کی ہے۔

راجدھانی دہلی میں اتوار کی صبح اچانک موسم کا مزاج بدل گیا۔ یہاں تیز ہواؤں کے ساتھ زوردار بارش ہوئی جس سے لوگوں کو شدید گرمی سے راحت ملی۔ محکمہ موسمیات نے اگلے کچھ گھنٹوں کے لیے بھی دہلی-این سی آر میں شدید طوفان اور تیز ہوا کی وارننگ جاری کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خراب موسم کے پیش نظر لوگوں سے احتیاط برتنے کی صلاح دیتے ہوئے کہا، ’’دہلی-این سی آر میں گرج اور بجلی کے ساتھ درمیانی سے تیز بارش، 80 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ گھر کے اندر رہیں اور جب تک ضروری نہ ہو سفر کرنے سے بچیں۔‘‘
آئی ایم ڈی کے مطابق صفدر جنگ میں ژالہ باری اور گرج کے ساتھ بارش کے علاوہ دو مرتبہ طوفانی ہوائیں چلنے کی بھی اطلاع ملی۔ اس دوران پہلی بار ہوا کی رفتار 82 کلومیٹر فی گھنٹہ درج کی گئی جبکہ دوسری بار یہ بڑھ کر 104 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی۔ صفدر جنگ میں 33.5 ملی میٹر، لودی روڈ میں 32 ملی میٹر، پوسا میں 27.5 ملی میٹر بارش درج کی گئی ہے۔
دہلی-این سی آر میں 16 سے 20 جون تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے 16، 18، 19 اور 20 جون کو دہلی میں درجہ حرارت 36 سے 39 ڈگری سیلسیس کے قریب ریکارڈ کیے جانے کی امید ظاہر کی ہے۔ وہیں 17 سے لے کر 20 جون تک کم سے کم درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری سیلسیس رہنے کے آثار ہیں۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے ہفتہ کی شام یا رات میں تیز ہوا اور آندھی کے ساتھ ہلکی بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا تھا لیکن رات ساڑھے آٹھ بجے تک کہیں بوندا باندی بھی نہیں ہوئی اور اومس بھری گرمی بنی رہی۔ کل دہلی میں درجہ حرارت 41.8 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا جو معمول سے 1.9 ڈگری زیادہ ہے۔ رات 8 بجے یہاں ہیٹ انڈیکس 51.8 ڈگری سیلسیس تھا۔ آیا نگر میں درجہ حرارت سب سے زیادہ 42.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔