بہار میں بارش کا قہر، پٹنہ میں معمولات زندگی درہم برہم، الرٹ جاری

بہار کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش نے لوگوں کی زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ راجدھانی پٹنہ کی حالت بھی انتہائی بدتر ہو گئی ہے۔ لوگ اپنے گھروں میں رہنے کو مجبور ہیں اور بیشتر اسکول بھی بند ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بہار میں کئی اضلاع کی حالت موسلادھار بارش کی وجہ سے بدتر ہو گئی ہے۔ معمولات زندگی پوری طرح سے درہم برہم ہے اور بیشتر اسکولوں نے بچوں کے لیے چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں ریاست کے کئی دیگر ضلعوں میں بھی زبردست بارش کو لے کر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ زبردست بارش کو دیکھتے ہوئے پٹنہ سمیت ریاست کے بیشتر اضلاع کے اسکولوں کے ساتھ ساتھ کالجز میں بھی چھٹی ہو گئی ہے۔


راجدھانی پٹنہ کی بات کریں تو یہاں کی حالت کافی خراب ہے۔ لگاتار بارش نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کے لیے مجبور کر دیا ہے۔ سڑکوں پر اس قدر پانی بھرا ہے کہ آمد و رفت میں دشواری اک سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پٹنہ کے ٹرانسپورٹ نگر کالونی کے کئی گھروں میں بارش کا پانی گھس گیا ہے۔ پٹنہ کے بھیڑ بھاڑ والے علاقہ بورنگ روڈ، پاٹلی پترا کالونی، کنکڑ باغ میں بھی آبی جماؤ کی حالت دیکھنے کو مل رہی ہے۔ لوگ اس قدر پریشان ہیں کہ ضروری کام کے لیے بھی گھر سے باہر نہیں نکل پا رہے۔


بارش کی وجہ سے پٹنہ میں موسم کچھ سرد ہو گیا ہے۔ ہفتہ کی صبح کم از کم درجہ حرارت 26 ڈگری سلسیس درج کی گئی۔ اس درمیان محکمہ موسمیات نے پیشین گوئی کی ہے کہ آئندہ دو دنوں تک ریاست کے بیشتر علاقوں میں بادل چھائے رہیں گے اور کئی علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہوگی۔ اس دوران درجہ حرارت میں لگاتار گراوٹ درج کی جائے گی۔ پٹنہ واقع موسم سائنس سنٹر کے مطابق بھاگلپور کا ہفتہ کے روز درجہ حرارت 23.2 ڈگری، گیا کا 22.0 ڈگری اور پورنیہ میں 24.9 ڈگری سلسیس درج کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔