دہلی میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار، گرمی و حبس سے نجات مگر پانی بھرنے سے پریشانی

دہلی میں شام کے وقت جھما جھم بارش سے گرمی اور حبس سے راحت ملی مگر کئی علاقوں میں پانی بھرنے سے ٹریفک متاثر، محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے

<div class="paragraphs"><p>دہلی&nbsp; میں بارش کا منظر / آئی اے این ایس</p></div>

دہلی میں بارش کا منظر / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

دہلی میں اتوار کو شام کے وقت موسلا دھار بارش نے اچانک موسم کا مزاج بدل دیا۔ دوپہر سے ہی آسمان پر گھنے کالے بادل چھائے ہوئے تھے، اور جیسے جیسے شام کا وقت قریب آیا، ویسے ویسے بارش تیز ہوتی گئی۔ تیز بارش کے ساتھ بجلی کی چمک بھی دیکھی گئی۔ اس شدید بارش نے دہلی والوں کو جھلسا دینے والی گرمی اور حبس سے وقتی طور پر راحت دی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔

محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پہلے ہی 12 سے 17 جولائی کے درمیان دہلی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس دوران وقفے وقفے سے تیز یا ہلکی بارش ہوتی رہے گی۔ تاہم آئی ایم ڈی نے یہ بھی کہا ہے کہ اس دوران درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ممکن ہے، جس سے گرمی اور حبس ایک بار پھر پریشان کر سکتی ہے۔

بارش نے جہاں گرمی سے نجات دی، وہیں دہلی اور این سی آر کے کئی علاقوں میں پانی بھرنے کی شکایتیں بھی سامنے آئیں۔ متعدد سڑکوں، انڈرپاسز اور رہائشی علاقوں میں شدید پانی جمع ہو گیا، جس سے عام لوگوں کو خاصی دقت پیش آئی۔ خاص طور پر ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔ کئی گاڑیاں پانی میں بند ہو گئیں اور لوگ گھنٹوں سڑک پر پھنستے رہے۔

جن علاقوں میں سب سے زیادہ پانی جمع ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں، ان میں مکند پور، کرشنا نگر، گیتا کالونی، پٹ پڑ گنج اور دہلی گیٹ کے آس پاس کے علاقے شامل ہیں۔ دہلی میونسپل کارپوریشن کو نکاسیٔ آب کے انتظامات بہتر بنانے کے لیے پہلے ہی الرٹ کیا جا چکا تھا، مگر زمینی حقیقت یہ ہے کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی ابتدائی بارش نے انتظامیہ کے دعووں کی قلعی کھول دی۔


محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں، خاص طور پر ان علاقوں سے دور رہیں جہاں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہو۔ ساتھ ہی مقامی حکومت اور میونسپل ایجنسیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ نکاسیٔ آب کا نظام فوری طور پر درست کیا جائے تاکہ شہریوں کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

دہلی کے مکینوں کو ایک طرف خوشگوار موسم کی خوشی ہے تو دوسری جانب بارش سے جڑی مشکلات کا سامنا بھی ہے۔ آنے والے دنوں میں اگر پیش گوئی کے مطابق بارش کا سلسلہ جاری رہا تو شہر کی سڑکوں اور نکاسی نظام کا مزید امتحان لیا جائے گا۔ ایسے میں شہریوں کو احتیاط برتنے اور انتظامیہ کو متحرک رہنے کی اشد ضرورت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔