دہلی این سی آر میں موسلا دھار بارش؛ سڑکیں دریا میں تبدیل، شمالی ریاستوں میں الرٹ

دہلی، نوئیڈا اور گڑگاؤں میں صبح سے موسلا دھار بارش، کئی علاقے پانی میں ڈوبے۔ موسمیات محکمہ نے شدید بارش کا الرٹ جاری کیا، شمالی ریاستوں میں بھی موسلا دھار بارش اور نقصان کا اندیشہ

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی اور اس کے گرد و نواح میں آج صبح (14 اگست) سے ہی موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس نے راجدھانی سمیت نوئیڈا، غازی آباد اور گڑگاؤں کی صورتحال کو متاثر کر دیا ہے۔ صبح کے وقت گھنے بادل چھائے رہے اور کئی علاقوں میں دن کے وقت رات جیسا اندھیرا چھا گیا۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے دہلی این سی آر کے لیے شدید بارش کا ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی دہلی کو چھوڑ کر باقی تمام اضلاع میں بھاری بارش کے امکانات ہیں۔

نوئیڈا اور غازی آباد میں بھی تیز بارش نے عام زندگی کو متاثر کیا ہے، جبکہ گڑگاؤں میں صبح پانچ بجے سے موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔ بارش کی شدت اس قدر زیادہ ہے کہ سائبر سٹی کے متعدد علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ سیکٹر 9 اور سیکٹر 10 سمیت کئی مقامات پر سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں، جس سے آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے صبح 6 بجے کے قریب جاری ایک اپڈیٹ میں کہا کہ آئندہ دو سے تین گھنٹوں کے دوران دہلی اور این سی آر میں زیادہ تر مقامات پر ہلکی سے درمیانی اور کچھ جگہوں پر درمیانی سے بھاری بارش ہونے کا امکان ہے۔ ساتھ ہی شمالی ہند کی دیگر ریاستوں ہریانہ، چنڈی گڑھ، پنجاب، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، شمالی مدھیہ پردیش اور مغربی اتر پردیش میں بھی آئندہ چند گھنٹوں کے دوران درمیانی سے شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔


شدید بارش کے سبب دہلی این سی آر میں ٹریفک جام کے خدشات بڑھ گئے ہیں، خاص طور پر مصروف شاہراہوں اور نچلے علاقوں میں پانی بھر جانے سے گاڑیوں کی رفتار سست پڑ گئی ہے۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی اپڈیٹس پر نظر رکھیں۔

ادھر شمالی ریاست ہماچل پردیش میں بارش کی شدت مزید خطرناک رخ اختیار کر گئی ہے۔ ریاست کے مختلف حصوں میں بادل پھٹنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں کُلّو، شملہ، لہاُل و اسپیتی اور کِنور شامل ہیں۔ کُلّو میں بارش اور بادل پھٹنے کے باعث کئی مکانات، دکانیں اور گاڑیاں بہہ گئیں۔ شملہ کے رام پور علاقے میں شدید بارش اور بادل پھٹنے کے نتیجے میں بآڑ جیسی صورتحال پیدا ہو گئی۔

لہاُل و اسپیتی اور کنور کے بالائی علاقوں میں بھی بھاری نقصان کی خبریں ہیں۔ مقامی انتظامیہ اور ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کے اہلکار متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے اور بند سڑکوں کو کھولنے کے لیے مشینری تعینات کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شمالی ریاستوں کے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دریاؤں اور ندیوں کے قریب نہ جائیں اور بھاری بارش کے دوران گھروں میں رہیں۔ اگلے 24 سے 48 گھنٹے موسم کی صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے، اس لیے احتیاطی تدابیر اپنانا ضروری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔