ممبئی سمیت مہاراشٹر کے کئی اضلاع میں بھاری بارش کا الرٹ، دہلی میں بھی بارش کا امکان

ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے رائے گڑھ، رتنا گری اور کچھ دیگر اضلاع میں شدید بارشوں کی پیشن گوئی کرتے ہوئے ’ریڈ‘ اور ’آرنج‘ الرٹ جاری کیا ہے

ممبئی میں بارش / یو این آئی
ممبئی میں بارش / یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: ممبئی سمیت مہاراشٹر کے کئی اضلاع میں بھاری بارشوں کے درمیان ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے اگلے چار دنوں میں مزید بھاری بارشوں کا انتباہ جاری کیا ہے۔ ممبئی سے ملحقہ رائے گڑھ ضلع میں کنڈلکا ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے، جبکہ امبا، ساویتری، پاتال گنگا، اولہاس اور گڑھی ندیوں کی آبی سطح بھی خطرے کے نشان کے قریب ہے۔ ممبئی کی پوئی جھیل بھی منگل کی شام سے طغیانی آئی ہوئی ہے۔ آئی ایم ڈی نے رائے گڑھ، رتنا گری اور کچھ دیگر اضلاد میں انتہائی بھاری بارشوں کی پیشن گوئی کرتے ہوئے ’ریڈ‘ اور ’آرنج‘ الرٹ جاری کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے انتباہ کے بعد وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ریاستی انتظامیہ کے افسران سے احتیاط برتنے اور یہ یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے کہ کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہو۔ شندے نے کہا ’’میں نے صبح چیف سیکریٹری سے کہا کہ وہ تمام سیکریٹریوں کو اپنے اپنے اضلاع کا دورہ کرنے اور این ڈی آر ایف، فضائیہ، بحریہ اور دیگر محکموں کے درمیان تال میل قائم کرنے کی ہدایت دیں۔‘‘


ادھر، قومی راجدھانی دہلی میں منگل کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.9 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا جو معمول سے ایک ڈگری زیادہ تھا۔ آئی ایم ڈی نے بدھ کے روز شہر میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آئی ایم ڈی نے پہلے بدھ کے لئے ’آرنج‘ الرٹ جاری کرتے ہوئے درمیانی سے بھاری بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا تھا۔ دہلی میں مانسون کی پہلی بارش 30 جون کو درج کی گئی تھی، جس سے شدید گرمی سے کافی راحت ملی تھی۔

ادھر، کرناٹک کے جنوبی کنڑ اور اڈوپی کے ساحلی اضلاع میں لگاتار موسلادھار بارش نے اس علاقہ میں کئی مقامات پر لینڈ سلائڈنگ اور سیلاب کی صورت حال پیدا کر دی ہے۔ جنوبی کنڑ ضلع میں اسکولوں اور کالجوں کو بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ کئی مقامات پر لینڈ سلائڈنگ کی وجہ سے مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ کئی مقامات پر درختوں کے گرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔