راجستھان و گجرات میں شدید بارش کا الرٹ، اتر پردیش، مدھیہ پردیش اور بہار بھی ہوگا اثرانداز
محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کیا ہے کہ جنوب مشرقی پاکستان سے متصل راجستھان اور کَچھ پر بننے والے گہرے دباؤ کی وجہ سے اس علاقے میں اور شمالی گجرات میں شدید بارش کا امکان ہے۔
.jpg?rect=0%2C0%2C2873%2C1616&auto=format%2Ccompress&fmt=webp)
پنجاب، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ اور جموں و کشمیر میں گزشتہ کئی دنوں سے مسلسل ہو رہی بارش کے سبب تباہی مچی ہوئی ہے۔ کئی جگہوں پر لینڈسلائیڈ کی خبریں سامنے آئی ہیں تو کئی جگہوں پر ندیاں خطرے کے نشان کے اوپر بہہ رہی ہیں۔ دہلی میں جمنا کے پانی کی سطح بھی مسلسل خطرے کے نشان کے اوپر تھی، لیکن آج یہ خطرے کے نشان سے نیچے دکھائی دے رہی ہے۔ شدید بارش کے سب شمالی اور وسطی ہندوستان کے کئی علاقوں میں زندگی مکمل طور پر درہم برہم دکھائی دے رہی ہے۔ اب محکمہ موسمیات نے راجستھان اور گجرات میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ان دونوں ریاستوں کے زیادہ تر اضلاع میں 8 ستمبر، یعنی آج بھی شدید بارش ہونے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوب مشرقی پاکستان سے متصل راجستھان اور کَچھ پر بننے والے گہرے دباؤ کی وجہ سے اس علاقے میں اور شمالی گجرات میں شدید بارش کا امکان ہے۔ سوراشٹر میں بھی کئی مقامات پر شدید بارش کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ان علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ یہاں 8 ستمبر کو بارش کی تباہی والی شکل دیکھی جا سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شدید بارش کے حوالے سے تفصیلی معلومات اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی ہیں۔ گجرات اور راجستھان کے علاوہ 10-8 ستمبر کے درمیان ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم میں بھی شدید بارش کا امکان ہے۔ اروناچل پردیش، آسام و میگھالیہ میں 14-12 ستمبر کے دوران اور ناگالینڈ و منی پور میں 12-11 ستمبر کو شدیش بارش کا امکان ہے۔ ساتھ ہی 12-11 ستمبر کو اڈیشہ کے کئی اضلاع میں شدید بارش کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
8، 12 اور 13 ستمبر کو اتراکھنڈ کے کئی اضلاع میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔ کچھ جگہوں پر شدید بارش کا امکان ہے، جب کہ 13-12 ستمبر کے دوران مغربی اتر پردیش اور 12-11 ستمبر کو مشرقی اتر پردیش میں درمیانی سے شدید بارش کا امکان ہے۔ واضح ہو کہ فعال نظام کا اثر 14 ستمبر تک مدھیہ پردیش کے زیادہ تر اضلاع تک پہنچ جائے گا اور کئی اضلاع میں شدید بارش کا امکان ہے۔ دوسری جانب 10، 11 اور 13 ستمبر کو مشرقی مدھیہ پردیش میں، 11 اور 13 ستمبر کو ودربھ میں، 8 سے 14 ستمبر تک چھتیس گڑھ، ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم میں، اور 8 سے 13 ستمبر کے درمیان بہار میں درمیانی سے شدید بارش کا امکان ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔