یوپی، گجرات سمیت شمالی ہند کی کئی ریاستوں میں شدید بارش کا الرٹ، دہلی میں بھی بدلنے والا ہے موسم کا مزاج
محکمہ موسمیات نے 22 سے 26 جون کے درمیان کئی ریاستوں میں شدید بارش کے لیے انتباہ کیا ہے۔ گجرات، مدھیہ پردیش، اتر پردیش اور مشرقی ریاستوں میں شدید بارش سے سیلاب جیسی حالت بن سکتی ہے۔

بارش کی تصویر (فائل)/ یو این آئی
ملک بھر میں مانسون اب اپنے پورے تیور میں ہے۔ اگلے کچھ دنوں میں اس کے مزید رفتار پکڑنے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے 22 سے 26 جون کے درمیان کئی ریاستوں میں شدید بارش کے لیے انتباہ کیا ہے۔ خاص طور پر گجرات، مدھیہ پردیش، اتر پردیش اور مشرقی ریاستوں میں سیلاب جیسی حالت بن سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی-این سی آر کے لیے بھی موسم کا مزاج اچانک بدلنے والا ہے۔ مسلسل اُمس سے لوگوں کو راحت ملنے کا امکان ہے۔ دہلی این سی آر میں 21 سے 24 جون کے درمیان موسم ٹھنڈا اور سہانہ رہنے کی پیش گوئی ہے وہیں تیز ہوائیں اور گرج کے ساتھ بارش سے عام زندگی متاثر ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے گجرات سے لے کر مدھیہ پردیش میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ 22 جون کو گجرات کے کئی حصوں میں 20 سینٹی میٹر سے زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے۔ وہیں 23 جون کو مدھیہ پردیش میں بھی کچھ مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے جس کی وجہ سے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ شمالی ہند کی کئی ریاستوں پنجاب، ہریانہ، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ اور راجستھان میں بھی 22 سے 26 جون تک رک رک کر تیز بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس دوران 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفان اور بجلی گرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اتر پردیش میں 22 اور 23 جون کو بارش مزید زور پکڑ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 24 جون تک ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم، بہار میں الگ الگ مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے جبکہ 25 جون کو جھارکھنڈ، 24 اور 25 جون تک اوڈیشہ، 22 اور 24 سے 26 جون تک گنگا والے مغربی بنگال کے علاقے، 24 سے 27 جون تک ودربھ اور چھتیس گڑھ میں موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔ وہیں شمال مشرقی ہند میں بھی اگلے 7 دنوں تک مسلسل بارش کا دور جاری رہنے کے آثار ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آسام اور میگھالیہ کے ندی والے علاقوں میں سیلاب کا بھی خطرہ ظاہر کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔