جموں کے نگروٹہ میں زبردست تصادم، 4 جنگجو ہلاک، 2 ایس او جی اہلکار زخمی

باوثوق ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ مارے گئے جنگجوؤں کا تعلق جیش محمد سے ہے جنہوں نے بظاہر حال ہی میں بین الاقوامی سرحد کے راستے سے دراندازی کی ہوگی۔

علامتی تصویر: یو این آئی
علامتی تصویر: یو این آئی
user

یو این آئی

جموں: جموں کے مضافاتی علاقہ نگروٹہ میں سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر جمعرات کی صبح ہونے والے ایک مسلح تصادم میں چار عدم شناخت جنگجو مارے گئے ہیں۔ تصادم کے دوران جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) کے دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

جموں زون پولیس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’’جموں کے بن ٹول پلازہ کے نزدیک ہونے والے ایک مسلح تصادم میں چار دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ تصادم کے دوران ایک پولیس کانسٹیبل زخمی ہوا ہے۔ آپریشن میں پولیس، سی آر پی ایف اور فوج نے حصہ لیا۔‘‘


سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجووں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان مسلح تصادم جمعرات کی علی الصبح قریب پانچ بجے شروع ہوا جس کے بعد قومی شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے بند کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگجو ایک گاڑی میں چھپے بیٹھے تھے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ جنگجووں کی ابتدائی فائرنگ سے ایس او جی کے دو اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال لے جایا گیا جہاں سے انہیں بعد ازاں گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیا گیا۔

زخمی ایس او جی اہلکاروں کی شناخت کلدیپ راج ساکنہ اکھنور اور محمد اشفاق ملک ساکنہ نیل قاسم بانہال رام بن کے بطور ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگجووں کی ابتدائی فائرنگ کے بعد فوجی اور سی آر پی ایف کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور طرفین کے درمیان باضابطہ طور پر گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔ باوثوق ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ مارے گئے جنگجووں کا تعلق جیش محمد سے ہے جنہوں نے بظاہر حال ہی میں بین الاقوامی سرحد کے راستے سے دراندازی کی ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔