شمالی ہند میں شدید گرمی کا قہر، راجستھان میں درجہ حرارت 49 ڈگری کے پار، آج سے موسم کا مزاج بدلنے کے آثار
جمعہ کو ملک بھر میں 22 مقامات پر درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسیس یا اس سے زیادہ درج کیا گیا جبکہ راجستھان کے گنگا نگر میں یہ49.4 ڈگری تک پہنچ گیا۔ شدید گرمی سے یوپی میں 17 اور پنجاب میں 2 اموات ہو چکی ہے۔
درجہ حرارت کی علامتی تصویر / آئی اے این ایس
پورا شمالی ہند اس وقت شدید گرمی اور لُو کی زد میں ہے۔ دہلی، راجستھان، ہریانہ، اتر پردیش سے لے کر بہار تک لوگ گرمی سے بے حال ہیں۔ جمعہ کو ملک بھر میں 22 مقامات پر درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسیس یا اس سے زیادہ درج کیا گیا۔ راجستھان کے گنگا نگر میں اس موسم کا سب سے گرم دن رہا اور یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 49.4 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا جو معمول سے 8 ڈگری زیادہ ہے۔ اومس اور گرمی کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ بیمار پڑ رہے ہیں۔ شدید گرمی کی وجہ سے اب تک اتر پردیش میں 17 اور پنجاب میں 2 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چُرو میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47.6 ڈگری، جیسلمیر میں 46.9 ڈگری، بیکانیر میں 46.4 ڈگری، جودھپور میں 46.3 ڈگری، فلودی و باڑمیر میں 46.2 ڈگری، پلانی میں 45.4 ڈگری، لون کرنسر میں 45.2 ڈگری، پالی و فتح پور میں یہ 45 ڈگری، چتوڑ گڑھ میں 44.9 ڈگری، سنگریا میں 44.6 ڈگری، جھنجھنوں میں 44.5 ڈگری، ناگور میں 44.4 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ راجدھانی جئے پور میں جمعہ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44.5 ڈگری سیلسیس رہا۔
محکمہ موسمیات نے اُمید ظاہر کی ہے کہ ہفتہ سے ملک کے کئی علاقوں میں مانسون سے پہلے موسمی سرگرمیاں شروع ہونے سے لوگوں کو شدید گرمی سے راحت مل سکتی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق آج راجستھان کے ادئے پور، کوٹا، جئے پور اور بھرت پور ڈویژن کے کچھ علاقوں میں درجہ حرارت میں دو سے تین ڈگری کمی آنے کا امکان ہے۔
وہیں بہار میں مانسون کی تاخیر سے لوگ کافی پریشان ہیں۔ پہلے پیشن گوئی تھی کہ مانسون 13 سے 15 جون کے درمیان آئے گا، لیکن اب آئی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ 16 جون کو مانسون دستک دے سکتا ہے۔ بہار کے لوگوں کو ابھی کچھ دنوں اور شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
جھارکھنڈ میں بھی گرمی اور اومس نے لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ رانچی میں درجہ حرارت 34 ڈگری، جمشید پور میں 35.8، ڈالٹن گنج میں 40.1، بوکارو میں 36.5 اور چائباسا میں 35.8 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ آئی ایم ڈی نے 15 سے 18 جون کے درمیان یہاں ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ 14 جون کو کئی علاقوں میں تیز ہوائیں، گرج اور بجلی گرنے کا خدشہ ہے۔
جنوبی ہند کی ریاست آندھرا پردیش میں شدید بارش کو لے کر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ وہیں تلنگانہ اور رائل سیما پر بنا طوفان شمالی اندرونی کرناٹک کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ایسے میں اگلے پانچ دنوں تک ساحلی آندھرا پردیش، ینم اور رائل سیما میں گرج، بجلی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔