گرمی نے توڑا 146 سالہ ریکارڈ، اس بار ہندوستان میں 1877 کے بعد سب سے گرم رہا فروری مہینہ

آئی ایم ڈی کے ہائیڈرومیٹ اور ایگرومیٹ ایڈوائزری سروسز چیف بھان نے گلوبل وارمنگ کو لے کر متنبہ کیا اور کہا کہ پوری دنیا گلوبل وارمنگ کے دور سے گزر رہی ہے، ہم روزانہ گرم ہوتی دنیا میں سانس لے رہے ہیں۔

گرمی، تصویر آئی اے این ایس
گرمی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں گرمی نے فروری ماہ میں ہی لوگوں کو جھلسانا شروع کر دیا ہے۔ اس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ فروری ماہ کی گرمی نے گزشتہ 146 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے منگل کے روز اس سلسلے میں جانکاری دی اور بتایا کہ ہندوستان میں 1877 کے بعد سے اس سال کا سب سے گرم مہینہ فروری درج کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق فروری میں ہندوستانی علاقہ کا اوسط زیادہ سے زیادہ ماہانہ درجہ حرارت بڑھ کر 29.5 ڈگری سلسیس پہنچ گیا ہے۔

ہندوستانی موسمیاتی سائنس محکمہ (آئی ایم ڈی) نے منگل کے روز اگلے ماہ یعنی مارچ کو لے کر بھی اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ وہ بہت گرم ہونے والا ہے۔ محکمہ نے کہا کہ مارچ میں ملک کے بیشتر حصوں مین درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی امید ہے، جبکہ جنوبی جزیرہ نما اور مہاراشٹر کے کچھ حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے کم ہو سکتا ہے۔ آئی ایم ڈی کے ہائیڈرومیٹ اور ایگرومیٹ ایڈوائزری سروسز کے چیف ایس سی بھان نے موسم کی سمت کو لے کر بھی جانکاری دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مارچ میں لو کا امکان کم ہے، لیکن ملک کے بیشتر حصوں میں اپریل اور مئی میں گرمی کی شدت عروج والی حالت میں ہوگی جو لوگوں کو پریشانی میں ڈالے گی۔


ایک طرف جہاں رواں سال فروری میں ماہانہ اوسط زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 1877 کے بعد سب سے زیادہ درج کیا گیا ہے، وہیں رواں سال فروری کے دوران ہندوستانی علاقہ میں ماہانہ اوسط کم از کم درجہ حرارت 1901 کے بعد سے پانچویں بار سب سے زیادہ درج کیا گیا۔ اس کے پیش نظر بھان نے گلوبل وارمنگ کو لے کر متنبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ پوری دنیا گلوبل وارمنگ کے دور سے گزر رہی ہے۔ ہم روزانہ گرم ہوتی دنیا میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */