’وہ عظیم لیڈر تھے‘، شنزو آبے کے انتقال پر صدر جمہوریہ، پی ایم مودی اور سونیا گاندھی کا اظہارِ غم

شنزو آبے کے انتقال پر ہندوستان کے سرکردہ سیاستدانوں نے انتہائی رنج و غم کا اظہار کیا ہے، شنزو آبے کے کاموں کو یاد کرتے ہوئے ہندوستانی سیاستدانوں نے انھیں ایک عظیم لیڈر قرار دیا ہے۔

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کا جمعہ کے روز 67 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ انھیں مغربی جاپان کے نارا شہر میں ایک ریلی کے دوران گولی ماری گئی تھی جس کے بعد انھیں فوری علاج مہیا کرائی گئی، لیکن وہ بچ نہیں سکے۔ شنزو آبے کے انتقال پر ہندوستان کے سرکردہ سیاستدانوں نے انتہائی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ شنزو آبے کے کاموں کو یاد کرتے ہوئے ہندوستانی سیاستدانوں نے انھیں ایک عظیم لیڈر قرار دیا ہے۔ ہندوستان کے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس صدر سونیا گاندھی جیسی ہستیوں نے بھی انھیں ایک بہترین قائد بتایا۔ آئیے جانتے ہیں کہ ان تینوں لیڈروں نے شنزو آبے کے انتقال پر جاری بیان میں کیا کچھ کہا۔

صد رجمہوریہ رام ناتھ کووند:

میرے لیے یقین کرنا مشکل ہو رہا ہے کہ شنزو آبے نہیں رہے۔ وہ ایک عظیم لیڈر تھے، اور ان کی ملنساری کی وجہ سے انھیں دنیا بھر میں پسند کیا گیا۔ وہ ایک قاتل کی گولی کا شکار ہوئے، یہ پوری انسانیت کے لیے ایک مشکل وقت ہے۔ ان کے کنبہ اور جاپان کے لوگوں کے تئیں میری ہمدردی ہے۔


وزیر اعظم نریندر مودی:

میں اپنے سب سے پیارے دوستوں میں سے ایک شنزو آبے کے انتقال سے غمزدہ ہوں۔ انھوں نے جاپان اور دنیا کو ایک بہتر جگہ بنانے کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی۔ سابق جاپانی وزیر اعظم آبے کے تئیں ہمارے گہرے احترام کی نشانی کی شکل میں 9 جولائی کو یک روزہ قومی غم منایا جائے گا۔

کانگریس صدر سونیا گاندھی:

میں جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کے قتل سے حیران ہوں۔ کئی سالوں سے شنزو آبے ہندوستان کے ایک بہترین دوست اور خیر خواہ رہے ہیں۔ انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان دو فریقی رشتوں کو وسعت اور گہرائی دینے کے لیے بہت کچھ کیا۔ مجھے ان کے ساتھ اپنی ملاقات بہت ہی اچھی طرح یاد ہے۔ یہ ایک بہت بڑی بدقسمتی ہے جو جاپان اور درحقیقت پورے بین الاقوامی طبقہ پر پڑی ہے۔ انھیں یقیناً ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔