’وہ مجھے جسم فروشی کے دھندے میں دھکیلنے پر آمادہ ہے!‘ موت سے قبل مقتول انکتا کا دوست کے نام پیغام

متاثرہ کے ایک فیس بک دوست نے کہا تھا کہ متاثرہ کو اس لیے مارا گیا کیونکہ اس نے پُلکت آریہ کے دباؤ ڈالنے کے باوجود ریزارٹ آنے والے مہمانوں کے ساتھ جسمانی تعلقات قائم کرنے سے انکار کر دیا تھا

چیلا بیراج سے انکتا کی لاش باہر نکالتی ریسکیو ٹیم / یو این آئی
چیلا بیراج سے انکتا کی لاش باہر نکالتی ریسکیو ٹیم / یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: اتراکھنڈ کے ریزارٹ میں قتل کی گئی انکتا بھنڈاری کی لاش چیلا بیراج سے برآمد کی گئی اور پوسٹ مارٹم کے بعد میت کو اہل خانہ کے سپرد کر دیا گیا۔ اس معاملہ میں اب موت سے قبل متاثرہ کی جانب سے اپنے دوستوں کو ارسال کئے گئے پیغامات منظر عام پر آ رہے ہیں۔ ان پیغامات میں سے ایک میں انکتا نے اپنے دوست کو مطلع کیا تھا کہ ملزم پُلکت آریہ اسے جسم فروشی میں دھکیلنے پر آمادہ ہے۔ متاثرہ کے پیغامات کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔

سامنے آنے والے پیغامات میں انکتا بتا رہی ہے کہ اسے کس طرح گاہکوں کو ’اسپیشل سروس‘ فراہم کرنے کے لئے مجبور کیا جا رہا ہے اور اس کے عوض اسے 10 ہزار روپے کی پیشکش کی جا رہی ہے۔ ان پیغامات کے وائرل ہونے کے بعد پولیس بھی ان کی تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس عہدیداروں کے مطابق بادی النظر ایسا لگتا ہے کہ یہ تمام پیغامات متاثرہ کے ہی ہیں، اس کی تصدیق کے لئے فرانزک جانچ کرائی جا رہی ہے۔


اس سے قبل متاثرہ کے ایک فیس بک فرینڈ نے کہا تھا کہ متاثرہ کو اس لیے مارا گیا کیونکہ اس نے پلکت آریہ کے دباؤ ڈالنے کے باوجود ریزارٹ میں آنے والے مہمانوں کے ساتھ جسمانی تعلقات قائم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ جس رات اس نے اپنے دوست کو فون کر کے اس کی اطلاع دی، اس کے بعد سے ہی متاثرہ کا فون ناقابل رسائی ہو گیا۔ دوستوں کی مسلسل کوششوں کے بعد بھی جب متاثرہ کا فون نہیں لگا تو انہوں نے پلکت آریہ کو فون کیا۔

تب پلکت آریہ نے کہا تھا کہ متاثرہ اپنے کمرے میں سونے گئی ہے لیکن اگلے دن جب متاثرہ کے دوستوں نے پلکت کو ایک بار پھر فون کیا تو اس بار اس کا فون بھی بند تھا۔ اس کے بعد متاثرہ کے دوستوں نے انکت کو فون کیا، انکت اس ریزارٹ کا منیجر ہے۔ انکت نے کہا کہ انکتا فی الحال جِم میں ہے۔ اس کے بعد دوستوں نے ریزارٹ کے باورچی سے بات کی، جس نے کہا کہ انکتا تو اسے ایک دن سے نظر نہیں آ رہی!


خیال رہے کہ معاملہ کا کلیدی ملزم پُلکت آریہ اس ریزارٹ کا مالک ہے، جہاں انکتا ملازمت کرتی تھی۔ پلکت ہریدوار کے بی جے پی لیڈر ونود آریہ کا بیٹا ہے، جوکہ اتراکھنڈ ماٹی کلا بورڈ کے چیرمین رہ چکے ہیں۔ بی جے پی لیڈر کے بیٹے نے غیر قانونی طریقہ سے ضلع کے یمکیشور بلاک میں اس ریزارٹ کو تعمیر کرایا، جسے جمعہ کے روز مسمار کر دیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ہفتہ کے روز کہا ’’ملزمان کے غیر قانونی طور پر تعمیر کئے گئے ریزارٹ پر بلڈوزر کے ذریعے گزشتہ رات دیر گئے کارووائی کی گئی ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ گناؤنے جرم کے قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا۔‘‘

خیال رہے کہ پلکت آریہ، ریزارٹ کے منیجر سوربھ بھاسکر اور ڈپٹی منیجر انکت گپتا کو انکتا بھنڈاری کا قتل کرنے اور لاش کو چیلا نہر میں پھینکنے کا اعتراف کرنے کے بعد جمعہ کے روز گرفتار کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔