’وہ پولیس سپرنٹنڈنٹ نہیں غنڈہ ہے، دلت مخالف ہے، مسلم مخالف ہے، آئین مخالف ہے‘، اویناش پانڈے پر کانگریس کا سخت حملہ

راجندر پال گوتم نے کہا کہ ’’یہ (اویناش پانڈے) وہی افسر ہے جس نے کہا تھا کہ عید پر جو سڑک پر نماز پڑھنے آئے گا، اسے جیل بھیجوں گا، اس کے خلاف مقدمہ درج کروں گا اور اس کا پاسپورٹ بھی منسوخ کر دوں گا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>راجندر گوتم (ویڈیو گریب)</p></div>
i

اتر پردیش کے میرٹھ میں مظاہرین پر سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) اویناش پانڈے کی جانب سے مبینہ طور پر تھپڑ مارنے کے معاملے پر سیاسی ہنگامہ تیز ہو گیا ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں نے پولیس کی کارروائی پر ریاستی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اس تنازعہ پر اتر پردیش کانگریس کے انچارج راجیندر پال گوتم نے بھی سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایس ایس پی اویناش پانڈے کو ’غنڈہ‘ قرار دیا اور الزام لگایا کہ ان کے اندر دلتوں کے خلاف نفرت بھری ہوئی ہے، اسی لیے انہوں نے مظاہرین پر تھپڑ برسائے۔

ایک ہندی نیوز پورٹل سے گفتگو کرتے ہوئے راجیندر پال گوتم نے ایس ایس پی اویناش پانڈے کے رویے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ ایس پی نہیں، غنڈہ ہے... دلت مخالف ہے... مسلم مخالف ہے اور آئین مخالف ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’روی گوتم دلت ہے، اسی لیے وہ اسے تھپڑ مار رہا ہے۔ اس ایس پی کے اندر نفرت بھری ہوئی ہے۔ اس ایس پی کو فوری طور پر معطل کیا جانا چاہیے اور گرفتار کر کے اس سے پوچھ گچھ کی جانی چاہیے۔‘‘


راجیندر پال گوتم نے بات چیت کے دوران عزم ظاہر کیا کہ کانگریس پارٹی اس معاملے کو لے کر سڑکوں پر اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ وہی افسر ہے جس نے کہا تھا کہ عید پر جو سڑک پر نماز پڑھنے آئے گا، اسے جیل بھیجوں گا، اس کے خلاف مقدمہ درج کروں گا اور اس کا پاسپورٹ بھی منسوخ کر دوں گا۔ یہ وہی افسر ہے جس نے فلم ’دھرندھر‘ کے لیے 2 سنیما ہال بک کر کے پولیس اہلکاروں کو وہ فلم دکھائی تھی، جو ہندو-مسلم تقسیم کو ہوا دینے والی فلم ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ ایس ایس پی کے مبینہ تھپڑ مارنے کے معاملے پر اپوزیشن پارٹیاں مسلسل ریاستی حکومت پر حملہ آور ہیں۔ راجندر پال گوتم سے قبل سماجوادی پارٹی کے صدر اکھیلیش یادو نے بھی بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ’’بی جے پی حکومت میں پولیس ناانصافی کے تمام ریکارڈ توڑ رہی ہے۔ میرٹھ میں دلت سماج کی بیٹی للتا گوتم کے لیے انصاف کی آواز اٹھانے والوں پر حملہ اور لاٹھی چارج انتہائی قابل مذمت ہے۔ ان کی پولیس سے انصاف کی امید رکھنا بے معنی ہے۔‘‘


واضح رہے کہ گزشتہ بدھ کو میرٹھ کی 20 سالہ دلت طالبہ للتا گوتم کے قتل کے معاملے میں ملزمین کے خلاف سخت کارروائی اور کیس کی سماعت فاسٹ ٹریک کورٹ میں کرانے کے مطالبے کو لے کر مختلف دلت تنظیموں نے احتجاج کیا تھا۔ اسی دوران ایس ایس پی اویناش پانڈے کی ایک ویڈیو سامنے آئی، جس میں وہ مبینہ طور پر مظاہرین کو تھپڑ مارتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد معاملہ مزید گرما گیا ہے۔ آزاد سماج پارٹی کے صدر چندرشیکھر نے بھی اس واقعہ پر ایس ایس پی اویناش پانڈے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔