’مسلمانوں کے خلاف نفرت ملک کو برباد کر کے چھوڑے گی‘

مشہور سماجی کارکن ڈاکٹر حنیف لاکھڑا والا نے کہا ’’بنیاد پرستوں نے مسلمانوں کو ملک میں غیر بنا دیا ہے اور یہ حالات آہستہ آہستہ ہندوستان کو تباہی کی طرف لے کر جا رہے ہیں‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ساری دنیا اس وقت کورونا وائرس کی زد میں ہے اور اس کے خلاف متحد ہو کر جنگ لڑی جا رہی ہے، وہیں ہندوستان میں مسلمانوں کے خلاف نفرتوں کا سیلاب آیا ہوا ہے۔ تبلیغی جماعت کے نام پر میڈیا نے ایسا ہنگامہ برپا کیا کہ شہر شہر اور گلی گلی مسلمانوں کو حقارت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے، حتی کہ انتہا پسند اب مسلمانوں کا وجود بھی ہندوستان میں برداشت نہیں کرنا چاہتے۔

معروف مصنفہ اروندھتی رائے نے تو یہاں تک کہہ دیا ہے کہ اس ماحول کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سماج مسلمانوں کی نسل کشی کی طرف گامزن نظر آ رہا ہے۔ دیگر سماجی کارکنان نے بھی اس ماحول کے حوالہ سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بی بی سی ہندی نے اس ضمن میں کئی سماجی کارکنان کے بیان پر مبنی ایک رپورٹ شائع کی ہے۔


دراصل، لاک ڈاؤن شروع ہونے کے ایک ہفتہ بعد نظام الدین میں واقع مرکز کو لے کر ہنگامہ برپا کا گیا تھا۔ یکم مارچ سے 15 مارچ کے درمیان اجتماع میں شامل ہونے والے بہت سے لوگ اپنے گھروں کو لوٹ چکے تھے۔ لیکن 22 مارچ کو لاک ڈاؤن کا اعلان ہونے تک بہت سارے لوگ مرکز کی عمارت میں ہی موجود تھے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ایم ایس یونیورسٹی کے پروفیسر جے ایس بندوق والا نے کہا کہ انتظامیہ تو اپنا کام کر رہی ہے لیکن میڈیا نے صورت حال کو کشیدہ بنا دیا۔ انہوں نے کہا ’’نظام الدین واقعے کے بعد ملک کی توجہ کورونا وائرس کی جگہ مسلمانوں کی طرف مبذول ہو گئی۔ اگر مرکز میں کچھ لوگ ٹھہرے ہوئے بھی تھے، جو کہ اپنی مجبوری بیان کر رہے ہیں، تو ان کی غلطی کی سزا پورے طبقہ کو دینا کس طرح درست ہے؟‘‘


دہلی سے تعلق رکھنے والی سماجی کارکن شبنم ہاشمی تبلیغی جماعت کے نظریہ کے خلاف بولتی رہی ہیں اور اس کے خلاف مظاہرہ بھی کر چکی ہیں لیکن اس واقعہ پر ان کی رائے یہ ہے کہ کورونا وائرس پھیلانے کا الزام پورے طبقہ پر لگانا بہت بڑی زیادتی ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ اس سے محنت کش مسلم نوجوانوں کے روزگار کے لئے مشکلات میں اضافہ ہوگا اور انہیں تعصب کا شکار ہونا پڑے گا۔

ممبئی کے تاجر ظفر سریش والا نے، جو وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں کئی بڑی کاروباری تقاریب میں شریک ہوتے رہے ہیں، بی بی سی سے گفتگو میں کہا، ’’یہ چند لوگوں کے اقدامات ہوتے ہیں جو بنیاد پرست ذہنیت کے حامل ہیں۔ ہم پہلے بھی ایسا دیکھ چکے ہیں۔ پہلے سوشل میڈیا نہیں تھا تو یہ لوگ پرچے بانٹ دیتے تھے۔ لیکن ایسے لوگ کسی سے ترقی کے مواقع نہیں چھین پائے، جن مسلمانوں کو بلندیوں پر جانا تھا، وہ گئے۔‘‘


وہ کہتے ہیں، ’’مجھے آج بھی یاد ہے، ’’1985 کے فرقہ وارانہ فسادات کے بعد احمد آباد میں بھڑکانے والے پرچے تقسیم کیے گئے تھے جن میں مسلمانوں کے خلاف بے بنیاد باتیں لکھی تھیں۔ کچھ دن ان پرچوں پر بحث ہوئی، پھر سب کچھ نارمل ہوگیا۔‘‘

لیکن مشہور سماجی کارکن ڈاکٹر حنیف لاکھڑا والا کی رائے ظفر سریش والا سے جدا ہے۔ وہ پچھلے 40 سالوں سے غریب اور پسماندہ مسلمانوں کے حقوق کے لئے کام کر رہے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ مسلمانوں کے خلاف نفرت سماج کے تمام طبقات میں پھیل چکی ہے اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے پیغامات ان کی اس نفرت کو باہر لانے کا فقط ایک ذریعہ ہیں۔‘‘


ڈاکٹر حنیف کا کہنا ہے کہ ’’یہ لوگ کیا کریں گے! بس یوں ہی انہیں لعن و طعن کرتے رہیں گے۔ ہر دفعہ ایک نیا بہانہ ڈھونڈ لیا جائے گا۔ یہ ملک ان کا بھی تو ہے۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ ’’بنیاد پرستوں نے مسلمانوں کو ملک میں غیر بنا دیا ہے اور یہ حالات آہستہ آہستہ ہندوستان کو تباہ و برباد کر کے چھوڑیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Apr 2020, 7:40 PM