’نفرت نے اینجل چکما کا قتل کیا اور خاموشی نے قصورواروں کو بچایا‘، این ایس یو آئی نے جنتر منتر پر نکالا کینڈل مارچ
شمال مشرقی ریاست تریپورہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان طالب علم اینجل چکما کو صرف اس کی شناخت کے سبب بے رحمی سے پیٹا گیا۔ اسے نسلی گالیاں دی گئیں اور بار بار ’چینی‘ کہہ کر بے عزت کیا گیا۔

این ایس یو آئی (نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا) نے آج نئی دہلی کے جنتر منتر پر تریپورہ کے طالب علم اینجل چکما کے قتل معاملہ احتجاجی مظاہرہ کیا۔ دہرادون میں تعلیم حاصل کرنے گئے اینجل چکما کا قتل کچھ شرپسندوں کے ذریعہ کیا گیا تھا۔ اس کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے این ایس یو آئی کے قومی صدر ورون چودھری کی قیادت میں کینڈل مارچ نکالا گیا۔

واضح رہے کہ شمال مشرقی ریاست تریپورہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان طالب علم اینجل چکما کو صرف اس کی شناخت کے سبب بے رحمی سے پیٹا گیا۔ اسے نسلی گالیاں دی گئیں اور بار بار ’چینی‘ کہہ کر بے عزت کیا گیا۔ این ایس یو آئی کا کہنا ہے کہ اینجل کے ساتھ جو کچھ ہوا، وہ سماج میں گہرائی تک اپنی جڑیں جما چکی نسل پرستی اور نفرت کو ظاہر کر رہا ہے۔ جرم کی سنگینی کے باوجود اتراکھنڈ کی بی جے پی حکومت نے فوری کارروائی نہیں کی۔ تقریباً 20 دنوں تک انتظامیہ خاموش بیٹھا رہا اور ملزمین کھلے عام گھومتے رہے۔ جب اینجل کی موت ہو گئی، تو عوامی غصہ سامنے آنے کے بعد ایف آئی آر درج کی گئی۔

این ایس یو آئی کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات اب استثنیٰ نہیں ہیں، بلکہ بی جے پی و آر ایس ایس کے اس زہریلے ماحول کا نتیجہ ہیں جو لگاتار نفرت، تقسیم اور تعصب پھیلاتا ہے۔ یہ منظم نفرت جرائم پیشوں کا حوصلہ بڑھاتا ہے اور انھیں سزا سے آزادی دلاتا ہے۔ کینڈل مارچ کے دوران این ایس یو آئی صدر ورون چودھری نے کہا کہ ’’اینجل چکما کا قتل نفرت نے کیا اور انصاف کا قتل بی جے پی حکومت کی خاموش نے کر دیا۔ ایک بربریت ناک حملہ پر 20 دنوں تک کارروائی نہ کرنا حکومت نہیں بلکہ ملی بھگت ہے۔ کسی ہندوستانی کو ’چینی‘ کہہ کر پیٹ پیٹ کر مار دینا اس خطرناک سوچ کو ظاہر کرتا ہے جسے آج جواز عطا کیا جا رہا ہے۔‘‘

ورون چودھری کا کہنا ہے کہ ’’بی جے پی اور آر ایس ایس کو فوراً شمال مشرقی باشندوں کے خلاف نفرت پھیلانا بند کرنا چاہیے۔ مستقل ہو رہے حملے اور جرائم پیشوں کا بے خوف رویہ سیاسی تحفظ کا نتیجہ ہے۔ این ایس یو آئی جرائم پیشوں کو سخت سزا اور اس معاملے کو دبانے کی کوشش کرنے والے افسران کی جوابدہی کا مطالبہ کرتی ہے۔‘‘ ہندوستان کے آئینی اقدار کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’ہندوستان ہر ہندوستانی کے لیے یکساں ہے، شمال مشرقی سے لے کر ملک کے ہر گوشے تک ہندوستان سبھی کا ہے۔ کسی بھی ہندوستان کو اس کی نسل یا شکل کے لیے نفرت کا شکار نہیں بنایا جانا چاہیے۔ این ایس یو آئی اینجل چکما کے گھر والوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور انصاف ملنے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔