’کیا منی پور کو پہلے ہی کافی تکلیفیں نہیں پہنچ چکی ہیں؟‘ زہریلی شراب سے اموات معاملہ پر کانگریس کا تلخ سوال
کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے پی ایم مودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ انھوں نے منی پور میں حالات بہتر کرنے کے لیے نہ تو کوئی مؤثر قیادت فراہم کی اور نہ ہی امن بحالی کے لیے کوئی مستقل کوشش کی ہے۔

طویل عرصہ سے تشدد متاثرہ منی پور میں مبینہ زہریلی شراب سے ہوئیں اموات کے بعد ریاست و مرکز کی بی جے پی حکومت نشانے پر ہے۔ کانگریس نے ریاست کے خراب حالات پر انتہائی فکر ظاہر کی ہے اور اس کے لیے براہ راست وزیر اعظم نریندر مودی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیڑا نے اس معاملہ میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ جاری کر سوال کیا ہے کہ ’’کیا منی پور کو پہلے ہی کافی تکلیفیں نہیں پہنچ چکی ہیں؟ اب مزید جانیں ضائع ہوئی ہیں، اس بار زہریلی شراب کی وجہ سے۔‘‘
پون کھیڑا نے اپنی پوسٹ کے ساتھ کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی وہ سوشل میڈیا پوسٹ بھی شیئر کی ہے، جس میں انھوں نے زہریلی شراب سے ہوئیں اموات کے لیے بی جے پی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ راہل گاندھی کی فکر کو بجا ٹھہراتے ہوئے پون کھیڑا نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’مئی 2023 سے بی جے پی حکومت نسلی تنازعہ کو قابو میں رکھنے میں ناکام رہی ہے اور اس نے صرف اختلافات کو مزید گہرا کیا ہے۔ سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے، ہزاروں بے گھر ہوئے، گھر تباہ کیے گئے اور خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کر کے انہیں برہنہ حالت میں گھمایا گیا۔ وزیر اعظم نے نہ تو کوئی مؤثر قیادت فراہم کی ہے اور نہ ہی امن بحال کرنے کے لیے کوئی مستقل کوشش کی ہے۔‘‘
اپنی پوسٹ میں پون کھیڑا نے یہ سنگین الزام بھی عائد کیا ہے کہ منی پور میں بین ریاستی منشیات کی اسمگلنگ کا ایک مضبوط نیٹورک بدستور پھل پھول رہا ہے، اور اب زہریلی شراب سے بے گناہ لوگوں کی جانیں جا رہی ہیں۔ موجودہ صورت حال کو پیش نظر رکھتے ہوئے وہ یہ سوال بھی کرتے ہیں کہ بی جے پی آخر منی پور میں کتنے طریقوں سے ناکام ہو سکتی ہے؟ ان کا کہنا ہے کہ ’’مرکز اور ریاست کی حکومتیں نہ صرف منی پور کے لوگوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہی ہیں، بلکہ پورے ملک کی سلامتی کو بھی خطرے میں ڈال رہی ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’جب ایک اسٹریٹجک لحاظ سے انتہائی اہم سرحدی ریاست نسلی تنازعہ، منشیات کی اسمگلنگ، زہریلی شراب اور عدم تحفظ کی زد میں آ جاتی ہے، تو ہندوستان کی قومی سلامتی، سماجی ہم آہنگی اور علاقائی سالمیت سب خطرے میں پڑ جاتی ہیں۔‘‘ پوسٹ کے آخر میں انھوں نے واضح لفظوں میں کہا ہے کہ ’’حکومت کو روزانہ اپوزیشن کو نئی دھمکیاں دینے کے بجائے ہوش میں آنا چاہیے اور کارروائی کرنی چاہیے۔‘‘
