ہریانہ: کھیتی اور جانوروں کی دیکھ بھال سے انکار کرنے پر دلت نوجوان کی پٹائی ... ویڈیو

مبینہ طور پر اعلیٰ ذات سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے دلت نوجوان کی صرف اس لیے پٹائی کی کیونکہ اس نے کھیتی کرنے اور جانوروں کو پانی پلانے سے انکار کر دیا۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اقلیتی طبقہ اور دلتوں پر مظالم رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ ہریانہ کے سونی پت میں دلت نوجوان کی بے رحمانہ پٹائی کا ایک نیا ویڈیو سامنے آیا ہے۔ بتایاجا رہا ہے کہ دلت شخص کھیت میں کام کرنے اور جانوروں کو پانی پلانے سے انکار کر رہا تھا اس لیے مبینہ طور پر اعلیٰ ذات سے تعلق رکھنے والے کچھ دبنگوں نے اس کی بری طرح پٹائی کر دی۔ افسوسناک یہ ہے کہ پٹائی کرتے ہوئے اسے نیم عریاں بھی کیا گیا اور پھر اس کا ویڈیو بناتے ہوئے گندی گندی گالیاں دی گئیں۔


سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے مطابق مبینہ طور پر اعلیٰ ذات سے تعلق رکھنے والے لوگ اس قدر ظالمانہ رویہ اختیار کیے ہوئے تھے کہ نیم عریاں حالت میں دلت نوجوان کی پٹائی بھی کی اور اسے ہریانہ گانے پر ڈانس کرنے کے لیے بھی مجبور کیا۔ واقعہ کے تعلق سے بتایا جاتا ہے کہ معاملہ تقریباً ایک مہینہ پرانا ہے، لیکن ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اب یہ منظر عام پر آیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق الزام ہے کہ ضلع کے گنّور قصبہ میں گاؤں کے ہی جتیندر اور موہت زبردستی دلت نوجوان سے اپنے کھیتوں میں کام کروانا اور جانوروں کو پانی پلوانا چاہتے تھے۔ دلت نوجوان اس سے انکار کر رہا تھا جس سے ناراض ہو کر جتیندر اور موہت اسے اپنے کھیت میں لے گئے۔ وہاں ایک چھوٹے کمرے میں لے جا کر اسے گھنٹوں نیم عریاں حالت میں رکھا اور خوب پٹائی کی۔


ویڈیو میں دکھائی پڑ رہا ہے کہ دلت نوجوان کی لاٹھی سے پٹائی کی جا رہی ہے اور اسے بار بار پینٹ اتارنے کے لیے مجبور کیا جا رہا ہے۔ خود پر بری طرح حملے سے زخمی دلت گڑگڑاتے ہوئے چھوڑنے کی اپیل کرتا ہے لیکن بدمعاش اپنا ظلم جاری رکھتے ہیں۔ اس دوران ایک دیگر شخص دلت کے پاس پہنچتا ہے، اسے گندی گالیاں دیتا ہے اور منھ پر تھپڑ مارتا ہے۔ ویڈیو میں نظر آ رہا ہے کہ ہاتھ میں لاٹھی لیے، نیلا پاجامہ اور کالی شرٹ پہنے شخص اس سے ایک تاریخ کو بھینس نہلانے کے لیے کہہ رہا ہے۔ اس پر دلت نوجوان کہتا ہے ’’دادا میں آپ کا سارا کام کروں گا۔ مجھے معاف کر دو۔‘‘

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولس نے معاملہ درج کر لیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ دلت نوجوان کی پٹائی کرنے والوں کی شناخت ہو چکی ہے۔ ملزمین کی گرفتاری کے لیے کارروائی بھی شروع ہو چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Jun 2019, 9:10 PM
/* */