ہریانہ: نشانہ باز منو بھاکر کی نانی اور ماما کی سڑک حادثے میں موت، کنبہ میں غم کی لہر
قومی شاہراہ 334 بی پر دادری کے لوہارو چوک اور مہندر گڑھ بائی پاس کے درمیان بریجا کار اور اسکوٹی میں زوردار ٹکر ہوئی۔ منو بھاکر کو دو دنوں قبل ملے ایوارڈ کی خوشی غم میں تبدیل ہو گئی ہے۔

ویڈیو گریب
بین الاقوامی شوٹر اور کھیل رتن ایوارڈ سے سرفراز منو بھاکر کے لیے بُری خبر سامنے آئی ہے۔ ان کی نانی ساوتری دیوی اور ماما یدھ ویر سنگھ کی اتوار کی صبح ہریانہ کے چرکھی دادری میں ایک سڑک حادثے میں موت ہو گئی۔ یہ حادثہ صبح 9:30 بجے قومی شاہراہ 334 بی پر دادری کے لوہارو چوک اور مہندر گڑھ بائی پاس کے درمیان بریجا کار اسکوٹی میں ٹکر کی وجہ سے ہوا۔
کار کی ٹکر سے اسکوٹی پر سوار 55 سال کے یدھ ویر سنگھ اور ان کی ماں (75 سال) ساوتری دیوی کی موت ہو گئی۔ واقعہ کے بعد کار بھی موقع پر پلٹ گئی اور کار ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ جانچ کے دوران پتہ چلا کہ دونوں منو بھاکر کے رشتہ دار ہیں۔
ذرائع کے مطابق منو بھاکر کے ماما یدھ ویر سنگھ ہریانہ روڈ ویز میں ڈرائیور تھے اور آج صبح وہ ڈیوٹی کے لیے اسکوٹی سے نکلے تھے۔ ان کے ساتھ منو کی نانی ساوتری دیوی بھی تھیں جنہیں لوہارو چوک واقع اپنے چھوٹے بیٹے کے گھر جانا تھا، اس لیے وہ بھی اسکوٹی پر ان کے ساتھ چلنے کے لیے تیار ہو گئیں۔ جیسے ہی وہ دونوں کلیانہ موڑ پر پہنچے، غلط سائڈ سے آ رہی تیز رفتار بریجا کار نے ان کی اسکوٹی کو زوردار ٹکر مار دی جس سے دونوں کی وہیں موت ہو گئی۔ اس حادثے سے منو بھاکر اور ان کے کنبہ کو گہرا صدمہ لگا ہے۔
واضح ہو کہ دو دن قبل ہی منو بھاکر کے لیے ایک خوشگوار لمحہ سامنے آیا تھا جب انہیں صدر جمہوریہ سے کھیل رتن ایوارڈ ملا تھا۔ منو بھاکر کو جمعہ کے دن قومی کھیل ایوارڈ-2024 کے موقع پر صدر دروپدی مرمو نے باوقار میجر دھیان چند کھیل رتن انعام سے نوازا تھا۔22 سالہ منو بھاکر نے گزشتہ سال پیرس اولمپک میں 10 میٹر ایئر پسٹل انفرادی اور 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم مقابلوں میں کانسے کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔