ہریانہ: سابق رکن پارلیمنٹ برجیندر سنگھ کی ’سدبھاؤ یاترا‘ میں شامل ہوں گے راہل گاندھی
برجیندر سنگھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں شامل ہو کر ’سدبھاؤ یاترا‘ کو کامیاب بنائیں، تاکہ پروگرام کی شان و شوکت میں چار چاند لگ سکیں اور راہل گاندھی کا زوردار استقبال کیا جا سکے۔

ہریانہ کے ہسار سے کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ برجیندر سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’انسٹاگرام‘ پر ایک ویڈیو جاری کر لوگوں سے ’سدبھاؤ یاترا‘ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 مئی کو گروگرام کے بادشاہ پور علاقہ میں منعقد ہونے والی اس ’سدبھاؤ یاترا‘ میں لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی بھی شامل ہوں گے۔ برجیندر سنگھ نے اسے کانگریس کے لیے ایک اہم اور متاثر کن موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی کی موجودگی سے اس یاترا کو نئی توانائی اور مضبوطی ملے گی۔
کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ نے ’سدبھاؤ یاترا‘ کے متعلق بتایا کہ اس کی شروعات گروگرام کے کھانڈسا چوک سے دوپہر 3 بجے کی جائے گی۔ اس کے بعد یہ یاترا مختلف علاقوں سے ہو کر سٹی اسکول تک پہنچے گی، جہاں اس کا اختتام ہوگا۔ یاترا کے اختتام کے وقت راہل گاندھی عوام سے خطاب کریں گے اور اپنا پیغام دیں گے۔ برجیندر سنگھ نے کانگریس کے تمام کارکنان، عہدیداران، لیڈران اور حامیوں سے اس یاترا میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔ واضح رہے کہ ہسار سے کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ برجیندر سنگھ پہلے آئی اے ایس افسر بھی رہ چکے ہیں۔
سابق رکن پارلیمنٹ برجیندر سنگھ نے ہریانہ کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں شامل ہو کر اس ’سدبھاؤ یاترا‘ کو کامیاب بنائیں، تاکہ پروگرام کی شان و شوکت میں چار چاند لگ سکیں۔ ساتھ ہی راہل گاندھی کا زوردار استقبال کیا جا سکے۔ برجیندر سنگھ کے مطابق یہ یاترا خیر سگالی، بھائی چارے اور اتحاد کا پیغام دینے کے مقصد سے نکالی جا رہی ہے، اس لیے تمام لوگوں کو اس میں اپنی شرکت یقنی بنانی چاہیے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
