ہریانہ: پہلوانوں کی حمایت میں مہاپنچایت، 20 ہزار افراد کی شرکت متوقع

مہاپنچایت کا انعقاد سونی پت کے مونڈلانا گاؤں کے اسٹیڈیم میں کیا جا رہا ہے، جس میں پہلوانوں کے علاوہ سابق گورنر ستیہ پال ملک، آر ایل ڈی لیڈر جینت چودھری اور چندر شیکھر بھی شرکت کریں گے

<div class="paragraphs"><p>تصویر قومی آواز / وپن</p></div>

تصویر قومی آواز / وپن

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری کی وجہ سے تحریک تیز ہوتی جا رہی ہے۔ سونی پت ضلع کے منڈلانا گاؤں کے اسٹیڈیم میں آج خاتون پہلوانوں کی حمایت میں ایک مہاپنچایت کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ کسان لیڈر گرنام سنگھ چڈھونی ہفتہ کو مہاپنچایت کی تیاریوں کا جائزہ لینے پہنچے۔ اس دوران چڈھونی نے کہا کہ مہا پنچایت میں پہلوانوں کی رائے کے مطابق بڑے فیصلے لیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مہاپنچایت میں 20 ہزار سے زیادہ لوگ شرکت کریں گے۔ اس کے لیے چار ایکڑ میں شامیانہ نصب کیا گیا ہے۔

کسان لیڈر گرنام سنگھ چڈھونی نے کہا کہ ہریانہ، پنجاب اور اتر پردیش کے کسان بھی اس مہاپنچایت میں پہنچنے والے ہیں۔ اس کے علاوہ سابق گورنر ستیہ پال ملک، آر ایل ڈی لیڈر جینت چودھری اور چندر شیکھر بھی اس مہاپنچایت میں شرکت کریں گے۔ چڈھونی نے کہا کہ سابق گورنر ستیہ پال ملک کو بار بار سی بی آئی کے چھاپوں سے پریشان کیا جا رہا ہے۔ اس لیے ستیہ پال ملک بھی اس مہاپنچایت میں شرکت کریں گے۔ مہاپنچائیت کا وقت اتوار کی صبح 10 بجے رکھا گیا ہے۔


بھارتیہ کسان یونین کے ریاستی صدر اشوک اور ریاستی نائب صدر ستیہ وان ناروال نے بتایا کہ ہر طبقے اور ذات کے لوگ اس مہاپنچایت میں حصہ لے کر پہلوان بیٹیوں کی حمایت کریں گے۔ آج ہونے والی مہاپنچایت میں مزید حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

گزشتہ جمعہ کو کروکشیتر میں ہوئی پنچایت میں لیے گئے فیصلے کے مطابق چرخی دادری ضلع کی کھاپوں نے اپنی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ کھاپ پنچایتیں اب 9 جون کے الٹی میٹم کے ختم ہونے کا انتظار کر رہی ہیں۔ اس کے بعد 10 جون کو دہلی کی طرف کوچ کیا جائے گا۔ کھاپ کے نمائندے گاؤں کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ ان پنچایتوں میں لوگوں کی اچھی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔