آئی پی ایس پورن کمار خودکشی معاملہ میں سنسنی خیز موڑ، ایک اور پولیس افسر نے دی جان، سنگین الزامات عائد کیے
ہریانہ کے وائی پورن کمار خودکشی معاملے نے نیا موڑ لے لیا۔ روہتک میں اے ایس آئی سندیپ لاٹھر نے خودکشی کر لی اور سوسائڈ نوٹ میں آنجہانی آئی پی ایس وائی پورن کمار پر بدعنوانی اور سازش کے الزامات عائد کیے

روہتک: ہریانہ کے زیرِ بحث وائی پورن کمار خودکشی معاملے نے ایک نیا اور سنسنی خیز موڑ لے لیا ہے۔ ریاست میں ایک اور پولیس افسر نے خودکشی کر لی ہے اور اپنے سوسائڈ نوٹ میں آنجہانی آئی پی ایس افسر وائی پورن کمار پر بدعنوانی اور سازش کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
خودکشی کرنے والے افسر کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سندیپ لاٹھر کے طور پر ہوئی ہے، جو حال ہی میں روہتک کے سائبر سیل میں تعینات تھے۔ اطلاعات کے مطابق ان کی لاش ان کے گھر سے برآمد ہوئی۔ واقعہ کی خبر ملتے ہی مقامی پولیس اور فارنسک ٹیم موقع پر پہنچی اور لاش کو قبضے میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔
ذرائع کے مطابق سندیپ لاٹھر نے خودکشی سے قبل ایک سوسائڈ نوٹ اور ایک ویڈیو پیغام چھوڑا ہے۔ دونوں میں انہوں نے آنجہانی آئی پی ایس افسر وائی پورن کمار پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔ سوسائڈ نوٹ میں لکھا ہے کہ ’’پورن کمار ایک بدعنوان افسر تھے، جن کے خلاف کئی پختہ ثبوت موجود ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید الزام لگایا کہ وائی پورن کمار کے اسٹاف کے خلاف جاری ایک تفتیش کے دوران انہیں غلط طریقے سے پھنسائے جانے کا خدشہ تھا۔ سندیپ نے نوٹ میں لکھا، ’’میں اس دباؤ کو مزید برداشت نہیں کر سکا۔ پورن صاحب نے مجھے پھسانے کی سازش رچی تھی۔‘‘
ان کے ویڈیو پیغام میں بھی یہی بات دہرائی گئی ہے، جو اب تفتیشی ایجنسیوں کے لیے ایک اہم ثبوت سمجھی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق ویڈیو میں سندیپ نے تفصیل سے بتایا کہ ان پر کس طرح نفسیاتی دباؤ ڈالا جا رہا تھا اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی تھیں۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب پورن کمار کی موت کی تحقیقات پہلے ہی ہریانہ میں سیاسی اور انتظامی سطح پر ہلچل پیدا کر چکی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وائی پورن کمار نے 7 اکتوبر کو چنڈی گڑھ میں اپنی رہائش گاہ کے تہہ خانے میں خودکشی کر لی تھی۔ انہوں نے ایک آٹھ صفحات پر مشتمل سوسائڈ نوٹ چھوڑا تھا، جس میں ریاست کے کئی اعلیٰ پولیس افسران پر ذات پات کی بنیاد پر ہراسانی اور ذہنی اذیت کے الزامات لگائے گئے تھے۔
پورن کمار کی بیوی، سینئر آئی اے ایس افسر امنیت پورن کمار، نے چنڈی گڑھ پولیس میں شکایت درج کرائی تھی، جس پر مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔ تاہم اب سندیپ لاٹھر کی خودکشی کے بعد معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا ہے کیونکہ انہوں نے اپنے نوٹ میں متوفی آئی پی ایس افسر پر ہی بدعنوانی اور سازش کے الزامات لگائے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق، سندیپ اس معاملے میں تفتیشی ٹیم کے ایک اہم گواہ تھے اور آنے والے دنوں میں ان کا بیان ریکارڈ کیا جانا تھا۔ ان کی اچانک موت نے پورے کیس کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر لیے ہیں اور فارنسک رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ اعلیٰ سطح پر اس واقعے کی تفصیلی جانچ کے احکامات دیے گئے ہیں۔ ہریانہ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں خودکشیوں کے درمیان کسی ممکنہ ربط کی تفتیش بھی کی جا رہی ہے تاکہ سچائی سامنے آ سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔