ہریانہ میں حیوانیت: 6 دنوں میں آبرو ریزی اور قتل کے 8 واقعات!

منوہر لال کھٹر کی حکومت نظم و نسق کے معاملہ میں مفلوج نظر آ رہی ہے جس کے نتیجہ میں صوبے میں حیوانیت اور درندگی کا ننگا ناچ جاری ہے ۔گلوکارہ کا قتل سمیت عصمت دری کے تین نئے معاملات رو نما ہوئے ہیں۔

تصویر نوجیون
تصویر نوجیون
user

قومی آوازبیورو

ہریانہ میں نئی واردات چرخی دادری کے منکواس گاؤں سے سامنے آئی ہے ، جہاں بارہویں جماعت میں زیر تعلیم ایک دلت لڑکی کو چاقوکی نوک پر اغوا کر کے چار افراد نے اپنی ہوس کا شکار بنایا ۔ دوسری واردات فتح آباد ضلع کے بوتھن کلاں گاؤں میں کی ہے جہاں 20 سالہ لڑکی کی دو نوجوانوں نے عصمت دری کی۔ تیسرا معاملہ گڑگاؤں ضلع کے فرخ نگر علاقہ کا ہے جہا ں بی اے سال دوم کی طالبہ کو چلتی کار میں دو افراد نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر کے گاؤں سے ایک ہریانوی گلوکارہ کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

چرخی دادری کے ایس پی ہمانشو گرگ کے مطابق 17 سالہ دلت طالبہ جب اپنے گھر سے رفع حاجت کے لئے باہر نکلی تو اس کو چار لوگوں نے چاقو کی نو ک پر اغوا کر لیا اور اس کے ساتھ اجتماعی آبرو ریزی کی۔ واردات کے بعد مجرمین اسے گھر کے باہر بیہوشی کی حالت میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ ڈی ایس پی پردیپ کمار نے بتایا کہ 4 لوگوں کے خلاف معاملہ درج کرکے جانچ کی جا رہی ہے۔

فتح آباد کے بوتھن کلاں گاؤں میں 20 سالہ خاتون کی اس کے گھر میں داخل ہو کر دو نوجوانوں نے آبروریزی کی۔ فتح آباد کے ایس پی دیپک سہارن کے مطابق اس معاملہ میں آئی پی سی کی دفعات 376 ڈی، 450 اور 506کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ جس وقت دونوں مجرمین نے واردات کو انجام دیا تب اس کے خاندان کے افراد کسی کی موت میں گئے ہوئے تھے ۔

گڑگاؤں میں بی اے کی طالبہ کو اغواکر کے دو افراد نے چلتی کار میں اس کی عصمت دری کی۔ اس معاملہ میں فرخ نگر تھانہ میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق طالبہ کالج سے گھر لوٹ رہی تھی تبھی دو افراد نے اسے اغواکر لیا اور چلتی کار میں عصمت دری کی۔ واردات کے بعد مجرمین نے اسے سڑک کے کنارے پھینک دیا اور کسی کو یہ بات بتانے پر جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے فرار ہو گئے۔

کسی بھی واقعہ میں ابھی تک کسی کی بھی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔ کانگریس نے ان وارداتوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے منوہر لال کھٹر کا استعفیٰ مانگا ہے۔

دریں اثنا ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر کے گاؤں سے سنسنی خیز خبر رونما ہوئی ہے۔ منوہر لال کھٹر کے گاؤں بانیانی سے ایک مقامی گلوکارہ ممتا شرما کی لاش برآمد کی گئی ہے۔ ممتا کا قتل گلا ریت کر کیا گیا ہے اور وہ روہتک کے گاؤں کلانور کی رہنے والی تھی۔

قبل ازیں اکتوبر میں ہریانوی گلوکارہ اور رقاصہ ہرشیتا دہیا کا پانی پت میں گولی مارکر قتل کر دیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔