ہریانہ کے نوح میں ہولناک سڑک حادثہ، تیز رفتار گاڑی نے کئی صفائی ملازمین کو کچلا، 6 کی موت، 5 شدید زخمی
تھانہ فیروز پور جھرکا سرحد کے تحت دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر ابراہم باس گاؤں کے پاس حادثہ پیش آیا۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ سڑک پر کئی لاشوں کے ٹکڑے نظر آئے۔

ویڈیو گریب
ہریانہ کے نوح میں ایکسپریس وے پر دردناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ حادثے میں 6 مزدوروں کی موت ہو گئی ہے جبکہ 5 دیگر شدید طور پر زخمی ہیں۔ تھانہ فیروز پور جھرکا سرحد کے تحت دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر ابراہیمباس گاؤں کے پاس تیز رفتار پک اَپ گاڑی نے صفائی کام میں لگے ملازمین کو زوردار ٹکر مار دی، جس سے 6 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ کئی افراد شدید طور پر زخمی ہو گئے جنہیں قریب کے اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ان کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
حادثے کے بعد جائے واقعہ پر چیخ و پکار مچ گئی۔ مقامی لوگوں نے فوراً پولیس کو اطلاع دی اور زخمیوں کو اسپتال پہنچانے میں مدد کی۔ دیکھتے ہی دیکھتے سڑک پر بھاری بھیڑ جمع ہو گئی۔ ایمبولنس، روڈ سیفٹی ایجنسی کی گاڑی اور پولیس ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ حادثے کی ہولناکی ایسی تھی کہ آس پاس کے لولوں کی روح کانپ اُٹھی۔ کئی لاشوں کے ٹکڑے ہو چکے تھے۔
پولیس کے مطابق مہلوکین کی شناخت ابھی تک نہیں ہو پائی ہے۔ حادثے کی وجوہات کی جانچ چل رہی ہے اور پک اپ گاڑی کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر ثبوت کی مدد سے حادثے کے پورے حالات کا پتہ لگایا جائے گا۔
حادثہ کی خبر سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے پھیل گئی ہے۔ لوگ اس حادثے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے تئیں تعزیت کر رہے ہیں۔ کئی یوزرس نے سڑک تحفظ اور تیز رفتار گاڑیوں پر قابو پانے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ حادثہ دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر ہونے والے حادثوں کی کڑی میں ایک اور افسوسناک واقعہ ہے. اس سے پہلے بھی اس ایکسپریس وے پر کئی بار گھنے کہرے، تیز رفتار اور لاپروائی کی وجہ سے حادثے ہو چکے ہیں۔ اس واقعہ نے ایک بار پھر سڑک تحفظ اور ایکسپریس وے پر کام کر رہے ملازمین کے تحفظ کے نظام پر سوال کھڑے کر دیئے ہیں۔ انتظامیہ نے حادثے کے بعد ایکسپریس وے پر ٹریفک کو کنٹرول کیا اور جائے حادثہ کو خالی کرایا۔ زخمیوں کے علاج اور مہلوکین کے بارے میں ان کے اہل خانہ کو مطلع کرنے کا عمل جاری ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔