ہریانہ: سابق وزیر اعلیٰ ہڈا کسانوں پر مقدمات سے برہم، درج معاملوں کی واپسی کا مطالبہ

بھوپندر سنگھ ہڈا نے ایک بیان میں کہا کہ اگر بی جے پی اتحادی حکومت نے کسانوں پر درج مقدمات واپس نہیں لئے تو ہماری حکومت بنتے ہی سبھی کیسز کو خارج کیا جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

چنڈی گڑھ: ہریانہ کے سابق وزیراعلی اور حزب اختلاف کے لیڈر بھوپندر سنگھ ہڈا نے کسان تحریک میں گرفتار کئے گئے لیڈروں کو فوری طور پر رہا کرکے تمام کسانوں پر درج معاملے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ اگر بی جے پی اتحادی حکومت نے یہ کیس واپس نہیں لئے تو ہماری حکومت بنتے ہی سبھی مقدمات کو خارج کیا جائے گا۔ جمہوری طریقے سے ہر طبقے کو اپنی آواز حکومت تک پہنچانے کا حق ہے۔

بھوپندر ہڈا نے کہا کہ کسانوں کو گرفتار کرکے یا انہیں جھوٹے مقدمات میں پھنساکر، ان کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ جس طرح ہریانہ حکومت کے حکم پر پولس نے گھروں میں گھس کر سوتے ہوئے کسانوں کو گرفتار کیا، وہ مکمل طور پر قابل مذمت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وبا کے اس دور میں سخت سردی اور کھلے آسمان کے نیچے اپنا گھر چھوڑکر نکلے کسانوں پر ٹھنڈے پانی کے بوچھار کرنا غیر انسانی کارروائی ہے۔ وزیراعلی کو پتہ ہونا چاہیے کہ بزرگ اور معذور کسان بھی جس تحریک کا حصہ ہوں، اس پر آنسو گیس کا استعمال کتنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ کسان اپنے مطالبات کو لے کر دلی جارہے تھے۔ وہ ہریانہ حکومت سے کسی طرح کا ٹکراؤ نہیں کررہے تھے اور نہ ہی وہ ہریانہ میں کسی طرح کا دھرنا مظاہرہ کررہے تھے۔


اپوزیشن لیڈر نے بتایا کہ حکومت کو کسانوں کی مانگیں ماننے میں ذرا بھی تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔ کسانوں کی مانگ پوری طرح جائز اور واضح ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یا تو ان قوانین کو واپس لیا جائے، نہیں تو ایم ایس پی کی گارنٹی دی جائے۔ ریاست کا کسان آج جس مشکل دور سے گزر رہا ہے، حکومت کی طرف سے اسے تحفظ دینے کی ضرورت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔