بی جے پی حکومت ریاستی عوام کو ’رام بھروسے‘ چھوڑ ضمنی انتخابات میں کودی: ہڈا

کانگریس لیڈر دیپیندر سنگھ ہڈا نے کہا کہ ہریانہ میں کورونا انفیکشن کے معاملے سب سے تیز رفتاری کے ساتھ بڑھ رہے ہیں،لیکن بی جے پی حکومت اس کی فکر نہ کرتے ہوئے سیاسی تشہیر میں مصروف ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

چنڈی گڑھ : ہریانہ سے راجیہ سبھا رکن اور کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن دیپیندر سنگھ ہڈا نے ریاست کی بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)حکومت پر حملہ بولتے ہوئے آج یہاں کہا کہ وہ ریاست کے عوام کو رام بھروسے چھوڑ کر برودہ ضمنی انتخابات میں کود پڑی ہے۔ ہڈا نے چنڈی گڑھ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بی جے پی پر یہ الزام عائد کیا۔ انھوں نے حکومت پر سوال اٹھا یا کہ کورونا وبا کے دور میں عوام کو رام بھروسے چھوڑ کر ریاستی حکومت سیاسی ریلیاں کرتے ہوئے کس بات کا جشن منا رہی ہے۔

کانگریس لیڈر نے کہا کہ ہریانہ میں کورونا کے معاملے سب سے تیز رفتاری کے ساتھ بڑھ رہے ہیں۔لیکن حکومت اس کی فکر نہ کرتے ہوئے سیاسی تشہیر میں مصروف ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ "بی جے پی کو لوگوں کی صحت اور جان سے زیادہ برودہ ضمنی الیکشن کی فکر ہے۔اس لئے اس کے ارکان پارلیمنٹ اور وزیر کبھی برودہ تو کبھی گوہنہ میں سیاسی اجلاس منعقد کررہے ہیں۔جبکہ مرکزی وزیرداخلہ کی ہدایات میں واضح طورپرلکھا ہے کہ ابھی بھیڑ اکٹھا کرنے والے سبھی سماجی،مذہبی اور سیاسی اجلاسوں پر پابندی ہے۔"


کانگریس رکن پارلیمنٹ نے متنبہ کیا کہ برودہ کے عوام بی جے پی کو ضمنی انتخابات میں منھ توڑ جواب دیں گے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس الیکشن سے حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو جائے گی۔برودہ ہی نہیں پوری ریاست کے عوام مانتے ہیں کہ حکومت کی ناکامیوں کی فہرست اس کی کامیابیوں سے کہیں زیادہ طویل ہے۔انہیں شمار کرنے کے لئے تحریک چلائی جاسکتی ہے لیکن کانگریس کورونا انفیکشن کے اس دور میں کوئی ایساقدم نہیں اٹھائے گی جس سے لوگوں کی جان سے کھلواڑ ہو۔دیپیندر سنگھ ہڈا نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت کو کوئی پالیسی بنانی چاہئے تاکہ دیگر ریاستوں سے انفیکشن ہریانہ کی طرف نہ آئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */