دیپیکا-بھنسالی کے قتل پر 10 کروڑ انعام رکھنے والا لیڈر دوبارہ بی جے پی میں شامل

فلم ’پدماوت‘ پر پیدا تنازعہ کے دوران بی جے پی لیڈر سورج پال اَمو نے دیپیکا پادوکون اور سنجے لیلا بھنسالی کا سر کاٹنے والے کو 10 کروڑ دینے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد وہ پارٹی سے مستعفی ہو گئے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

گزشتہ سال فلم ’پدماوت‘ کی ریلیز سے پہلے پیدا تنازعہ کے دوران ہریانہ کے جس بی جے پی لیڈر نے فلم کی اداکارہ دیپیکا پادوکون اور ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کا سر کاٹ کر لانے والے کو 10 کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کیا تھا، اس کی بی جے پی میں واپسی ہو گئی ہے۔ ہریانہ بی جے پی نے کرنی سینا لیڈر سورج پال اَمو کا استعفیٰ نامنظور کر دیا ہے۔ خبروں کے مطابق بی جے پی کی ہریانہ یونٹ کے صدر سبھاش برالا نے 8 اکتوبر کو اَمو کا استعفیٰ نامنظور کر دیا۔ اس کے بعد اَمو کی پھر سے پارٹی میں واپسی ہو گئی ہے۔ انھوں نے پارٹی کے اس فیصلے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے اسے گھر واپسی جیسا بتایا ہے۔

پارٹی میں واپسی کے بعد سورج پال اَمو نے کہا کہ ’’میں نے بی جے پی کی ہریانہ یونٹ کے مختلف عہدوں سے کئی مہینے پہلے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ہریانہ کے بی جے پی صدر سبھاش برالا نے اسے نامنظور کر دیا ہے۔‘‘ انھوں نے آگے کہا کہ ’’میں گزشتہ 30-29 سالوں سے پارٹی میں الگ الگ عہدوں پر کام کرتا آ رہا ہوں۔ 8 مہینے پارٹی سے دور رہنا میرے لیے بہت مشکل تھا۔ یہ میرے لیے گھر آنے جیسا ہے۔‘‘ اَمو نے نومبر 2017 میں ہریانہ بی جے پی کے چیف میڈیا کو آرڈینیٹر کے عہدہ سے استعفیٰ دیا تھا۔

واضح رہے کہ ’پدماوت‘ تنازعہ کے دوران اَمو نے فلم کی اداکارہ دیپیکا پادوکون اور ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کا سر کاٹنے والے کے لیے 10 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔ ان کے اس متنازعہ بیان پر ہنگامہ برپا ہو گیا تھا جس کے بعد ریاستی بی جے پی صدر برالا نے انھیں وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا تھا۔ اس نوٹس کے بعد اَمو نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ بتا دیں کہ سورج پال اَمو کے خلاف متنازعہ بیان دینے کا یہ واحد معاملہ نہیں ہے۔ ’پدماوت‘ تنازعہ کے دوران انھوں نے اور بھی کئی متنازعہ بیان دے کر سرخیاں بٹوری تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Oct 2018, 7:09 PM