ہریانہ: وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر سے ناراض خاتون سرپنچ نے جلسہ عام کے دوران ان پر اپنا دوپٹہ پھینکا

خاتون کے اچانک مشتعل ہو جانے سے آس پاس کے لوگ حیران رہ گئے، آناً فاناً میں خاتون سرپنچ کو اسٹیج سے نیچے اتار کر الگ لے جایا گیا، بعد میں خاتون سرپنچ کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

وزیر اعلی کھٹر، تصویر آئی اے این ایس
وزیر اعلی کھٹر، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہریانہ کے سرسا میں وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر کو ایک جلسہ عام کے دوران اس وقت عجیب صورت حال کا سامنا کرنا پڑا جب ایک خاتون سرپنچ نے ان پر اپنا دوپٹہ پھینک دیا۔ دراصل ایک خاتون سرپنچ نے اپنی شکایت نہ سنے جانے پر وزیر اعلیٰ کے سامنے اپنا دوپٹہ اتار پھینکا، جس سے جلسہ میں ایک ہنگامہ سا برپا ہو گیا۔ پھر وہاں موجود وزیر اعلیٰ کے سیکورٹی اہلکاروں نے خاتون سرپنچ کو پکڑا اور اسے دوپٹہ دے کر نیچے اتار دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سرسا کے رانیاں اسمبلی حلقہ میں وزیر اعلیٰ کھٹر عوامی جلسہ میں شرکت کے لیے پہنچے تھے۔ اسی دوران ایک خاتون سرپنچ نینا جھورڑ اسٹیج پر چڑھی اور وزیر اعلیٰ سے کہا کہ ان کے گاؤں کے پرائمری ہیلتھ سنٹر میں اسٹاف نہیں ہے۔ 25 کلو میٹر میں کوئی کالج نہیں ہے۔ بی جے پی حکومت نعرہ دیتی ہے کہ بیٹی بچاؤ-بیٹی پڑھاؤ، لیکن ہمارے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔


خاتون سرپنچ نے وزیر اعلیٰ کے سامنے کہا کہ وہ اس بات سے خوش ہے کہ حکومت نے اس بار سرپنچ کے الیکشن میں خواتین کو پچاس فیصد ریزرویشن دیا ہے جس کا فائدہ یہ ہوا کہ ہم نے جمہوری طریقے سے انتخاب لڑا ہے۔ میں جیتی لیکن سرپنچ بنتے ہی اس کے شوہر پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے انتخاب لڑ کر کوئی گناہ تو نہیں کیا۔ اس درمیان خاتون جب بول رہی تھی تو وزیر اعلیٰ خاتون کو بولنے سے روکتے ہوئے نظر آئے اور کہا کہ ہم الگ سے بات کر سکتے ہیں۔

یہ سن کر خاتون سرپنچ ناراض ہو گئی اور اس نے کہا کہ ہندوستان کی ایک عورت کی عزت خراب ہوتی، کوئی سنتا نہیں ہے...۔ اور یہ کہتے ہوئے وہ اپنا دوپٹہ وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر کے آگے اتار کر پھینک دیتی ہے اور بولتی ہے ’یہ لو ہندوستانی عورت کا دوپٹہ‘۔ خاتون کے اس طرح اچانک مشتعل ہو جانے سے آس پاس کے لوگ حیران رہ گئے۔ آناً فاناً میں خاتون سرپنچ کو اسٹیج سے نیچے اتار کر الگ لے جایا گیا۔ بعد میں خاتون سرپنچ کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔