ہرش وردھن سپکال مہاراشٹر کانگریس کے صدر مقرر

کانگریس صدر کھڑگے نے سابق رکن اسمبلی ہرش وردھن سپکال کو مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کا نیا صدر مقرر کیا ہے۔ وہ نانا پٹولے کی جگہ لیں گے، جنہوں نے حال ہی میں پارٹی قیادت کو اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا

<div class="paragraphs"><p>ہرش وردھن سپکال / آئی اے این ایس</p></div>

ہرش وردھن سپکال / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے جمعرات کو سابق رکن اسمبلی ہرش وردھن سپکال کو مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کا نیا صدر مقرر کیا ہے۔ وہ نانا پٹولے کی جگہ لیں گے، جنہوں نے حال ہی میں پارٹی قیادت کو اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا۔ یہ تبدیلی مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی شکست کے بعد کی گئی ہے، جس کا مقصد پارٹی کو ریاست میں دوبارہ مستحکم کرنا ہے۔

سپکال کو اس اہم عہدے پر مقرر کرنے کا مقصد مہاراشٹر میں آئندہ بلدیاتی اور میونسپل انتخابات سے قبل تنظیم کو مضبوط کرنا ہے۔ اگرچہ کانگریس نے لوک سبھا انتخابات میں ریاست میں 13 سیٹیں جیتی تھیں لیکن اسمبلی انتخابات میں پارٹی اس کارکردگی کو برقرار نہ رکھ سکی اور صرف 16 نشستوں پر کامیابی حاصل کر پائی۔

سپکال کے لیے سب سے بڑا چیلنج مہاراشٹر میں کانگریس کے تمام دھڑوں کو یکجا کرنا اور بی جے پی کی قیادت والی مہایوتی کا سامنا کرنا ہوگا۔ ان کی تقرری اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی مایوس کن کارکردگی کے تقریباً ڈھائی ماہ بعد کی گئی ہے۔ نانا پٹولے کے دورِ قیادت میں کانگریس صرف 288 میں سے 16 نشستیں جیت سکی تھی، جس کے بعد قیادت میں تبدیلی ناگزیر سمجھی جا رہی تھی۔


سپکال کے علاوہ مہاراشٹر کانگریس کے صدر کے عہدے کے لیے سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان اور سابق ریاستی وزیر ستیج پاٹل کے نام بھی زیر غور تھے لیکن دونوں نے یہ ذمہ داری قبول کرنے میں عدم دلچسپی ظاہر کی تھی۔

پارٹی ہائی کمان نے مہاراشٹر کے سینئر کانگریسی رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹیوار کو کانگریس کی قانون ساز پارٹی کا نیا لیڈر مقرر کیا ہے۔ وڈیٹیوار اس سے قبل شیوسینا کی قیادت والی مہا وکاس اگھاڑی حکومت میں وزیر رہ چکے ہیں اور دو بار ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ ان کی تقرری مہاراشٹر اسمبلی کے بجٹ سیشن سے قبل کی گئی ہے، جو 3 مارچ سے ممبئی میں شروع ہوگا۔

کانگریس نے مہاراشٹر کی سیاست میں ذات پات کے توازن کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے ہیں۔ پارٹی نے مراٹھا برادری سے تعلق رکھنے والے سپکال کو ریاستی صدر مقرر کیا، جبکہ او بی سی برادری کے وجے وڈیٹیوار کو کانگریس قانون ساز پارٹی کا لیڈر بنایا ہے۔

مراٹھا اور او بی سی ریزرویشن کے معاملے پر مہاراشٹر میں جاری مظاہروں کے پیش نظر کانگریس کے ان تقرریوں کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔ ریاست میں مراٹھا برادری ریزرویشن کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، جبکہ او بی سی برادری اس پر اپنے خدشات کا اظہار کر رہی ہے۔ ایسے میں کانگریس کی نئی قیادت کو اس نازک مسئلے کو متوازن انداز میں سنبھالنے کا چیلنج درپیش ہوگا۔

کانگریس نے ہرش وردھن سپکال کو مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر اور وجے وڈیٹیوار کو لیجسلیٹو پارٹی کا لیڈر مقرر کیا ہے۔ یہ فیصلے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد تنظیم کو مستحکم کرنے اور ذات پات کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔