بہتر زندگی کی تلاش میں لگ گئی ہاتھوں میں ہتھکڑی اور پیروں میں زنجیر، امریکہ سے ڈپورٹ ہوئے نوجوانوں کی درد بھری کہانی

امریکہ سے باہر نکالے گئے 116 غیر قانونی تارکین وطن کا دوسرا قافلہ ہندوستان پہنچ گیا ہے۔ اس میں پنجاب سے 65، ہریانہ سے 33، گجرات سے 8 افراد شامل ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

امریکہ سے باہر نکالے گئے ہندوستانیوں کا دوسرا قافلہ ہفتہ کو امرتسر ہوائی اڈے پر پہنچ گیا۔ ان لوگوں میں شامل دلجیت سنگھ نے بتایا کہ انہیں بھی ہتھکڑیاں پہنائی گئی تھیں۔ اس کے علاوہ ان کے پیروں میں بھی زنجیریں ڈال دی گئی تھیں۔ واضح رہے کہ پہلی بار جب 104 ہندوستانیوں کو ڈپورٹ کیا گیا تھا تو اس وقت جو تصویریں سامنے آئی تھیں، اسے دیکھ کر سوشل میڈیا پر لوگوں نے تیکھا ردعمل ظاہر کیا تھا۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ ڈپورٹیشن تک تو ٹھیک ہے لیکن ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک نہیں کیا جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے غیر قانونی طور سے ایمیگریشن کے علاوہ کوئی دوسرا جرم نہیں کیا ہے۔

دلجیت سنگھ نے ہوشیار پور میں میڈیا کے اہلکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، "ہمارے پیروں میں زنجیریں تھیں اور ہاتھوں میں ہتھکڑی بھی تھی۔" پنجاب کے ہوشیار پور ضلع کے کُرالا گاؤں کے اصل باشندہ دلجیت ان 116 غیر قانونی ہندوستانی تارکین وطن میں شامل ہیں جنہیں امریکی طیارے سے ہفتہ کی رات امرتسر ہوائی اڈے لایا گیا۔ سنگھ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انہیں 'ڈنکی' (غیر قانونی) راستے سے امریکہ لے جایا گیا تھا۔

دراصل 'ڈنکی' راستہ وہ غیر قانونی اور جوکھم بھرا راستہ ہے جس کا استعمال تارکین وطن امریکہ میں داخل ہونے کے لیے کرتے ہیں۔ سنگھ کی اہلیہ کمل پریت کور نے الزام لگایا کہ ان کے شوہر کو 'ٹریول ایجنٹؕ' نے دھوکہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریول ایجنٹ نے سنگھ کو سیدھی پرواز سے امریکہ لے جانے کا وعدہ کیا تھا لیکن اس کے بجائے انہیں غیر قانونی طریقے سے لے گیا۔


قابل ذکر ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کے پہلے قافلہ کو 5 فروری کو امریکہ سے بے دخل کیا گیا تھا۔ ان میں شامل کئی لوگوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے کنبہ کے لیے بہتر زندگی کی خاطر امریکہ جانا چاہتے تھے لیکن ان کے ایجنٹ نے انہیں دھوکہ دیا۔ حالانکہ ان کے خواب تب ٹوٹ گئے جب انہیں امریکی سرحد پر پکڑ لیا گیا اور بیڑیوں میں جکڑ کر واپس بھیج دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق امریکہ سے ڈپورٹ کیے گئے دوسرے قافلے میں پنجاب سے 65، ہریانہ سے 33، گجرات سے 8، اتر پردیش، گوا، مہاراشٹر اور راجستھان سے 2-2 اور ہماچل پردیش اور جموں و کشمیر سے 1-1 شخص شامل ہے۔ ان میں زیادہ تر لوگوں کی عمر 18 سے 30 سال کے درمیان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔