دہلی: مہنگائی کے خلاف ’ہلّہ بول ریلی‘ سے مرکز کو سخت پیغام دیں گے راہل گاندھی

بھارت جوڑو یاترا سے ٹھیک پہلے کانگریس رام لیلا میدان میں مہنگائی کے خلاف ’ہلّہ بول ریلی‘ کرنے جا رہی ہے، ایسا تصور کیا جا رہا ہے کہ راہل گاندھی راجدھانی سے مرکزی حکومت اور بی جے پی کو سخت پیغام دیں گے

تصویر روی راج سنہا
تصویر روی راج سنہا
user

قومی آوازبیورو

بھارت جوڑو یاترا سے ٹھیک پہلے کانگریس رام لیلا میدان میں مہنگائی کے خلاف ’ہلّہ بول ریلی‘ کرنے جا رہی ہے، ایسا تصور کیا جا رہا ہے کہ راہل گاندھی راجدھانی سے مرکزی حکومت اور بی جے پی کو سخت پیغام دیں گے۔ کانگریس لیڈروں نے ہفتہ کے روز ’ہلہ بول ریلی‘ سے متعلق پریس کانفرنس بھی کیا جس میں بتایا کہ ہمیشہ کی طرح پارٹی عوامی ایشوز کو اٹھائے گی اور رام لیلا میدان سے مرکزی حکومت کو ایک سخت پیغام دے گی۔

آج پریس کانفرنس میں کانگریس کے سینئر لیڈر شکتی سنگھ گوہل نے گیس اور پٹرول و ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے تعلق سے کچھ اہم باتیں سامنے رکھیں جس سے مودی حکومت کی عوام مخالف پالیسی کی قلعی کھل جاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’کنزیومر افیئرس کا پرائس مانیٹرنگ ڈویژن بتاتا ہے کہ اپریل 21-2020 میں شرح مہنگائی 4.23 فیصد تھی، اور ایک سال بعد یعنی اپریل 22-2021 میں یہ بڑھ کر 7.79 فیصد ہو گئی۔ ظاہر ہے کہ حالات بہت خراب ہوئے ہیں اور مہنگائی سے عوام اتنی پریشان ہو گئی ہے کہ کانگریس پارٹی کو عوامی مفادات میں لگاتار آواز اٹھانی پڑ رہی ہے۔‘‘


شکتی سنگھ گوہل کہتے ہیں کہ ’’انٹرنیشنل مارکیٹ میں گیس کی قیمت سعودی آرامکو طے کرتا ہے۔ 14-2013 میں رسوئی گیس کی قیمت آرامکو نے جو طے کی تھی وہ 885.2 یو ایس ڈالر فی میٹرک ٹن تھی۔ اس وقت یوپی اے حکومت تھی اور رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت 400 سے 415 روپے تھی۔ آج جب بی جے پی حکومت ہے تو سعودی آرامکو کے مطابق انٹرنیشنل مارکیٹ میں گیس کی قیمت گھٹ کر 769 یو ایس ڈالر فی میٹرک ٹن ہو گئی ہے۔ اس طرح تو رسوئی گیس کی قیمت کم ہونی چاہیے، لیکن 400 روپے کا سلنڈر 1100 روپے کے پار ہو گیا۔ حکومت سے جب اس سلسلے میں سوال کیا جا رہا ہے تو وہ جواب نہیں دے رہی۔‘‘

اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے شکتی سنگھ گوہل کہتے ہیں ’’حکومت ہند کے پٹرولیم ڈپارٹمنٹ میں ڈاٹا اینالیسس ڈپارٹمنٹ ہے۔ وہاں جو ڈاٹا دیا گیا ہے اس کے مطابق یو پی اے کے آخری تین سال کے دوران خام تیل کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ میں اوسطاً 108.46 یو ایس ڈالر فی بیرل تھی۔ اگر بی جے پی حکومت کے گزشتہ تین سالوں کی بات کریں تو یہ گھٹ کر اوسطاً 60.6 یو ایس ڈالر ہے۔ اس طرح تو پٹرول و ڈیزل کی قیمت کم ہونی چاہیے نہ، لیکن قیمت تو 100 کے پار چلا گیا۔‘‘


پریس کانفرنس میں کانگریس کے سینئر لیڈر کے سی وینوگوپال نے بھی اپنی بات رکھی۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے مہنگائی کے خلاف کانگریس مظاہرے کرتی آ رہی ہے۔ رام لیلا میدان میں ہفتہ کی صبح 11 بجے شروع ہونے والی ریلی میں تقریباً ایک لاکھ افراد شرکت کریں گے اور ملک بھر سے پارٹی کے سرکردہ لیڈران و کارکنان بھی اس موقع پر موجود رہیں گے۔ کانگریس اس ریلی سے مہنگائی، بے روزگاری اور ضروری سامانوں پر جی ایس ٹی میں اضافہ کے خلاف آواز اٹھائے گی۔ راجدھانی دہلی کے آس پاس کی سبھی ریاستوں سے کارکنان دہلی پہنچنا شروع ہو چکے ہیں۔ کانگریس کے تمام کارکنان راجدھانی کے ریلوے اسٹیشن اور بس اڈوں پر موجود رہیں گے تاکہ دیگر ریاستوں سے آنے والے لوگوں کو رام لیلا میدان تک پہنچانے میں مدد کر سکیں۔ ساتھ ہی کارکنان کو دہلی میں رکنے کا انتظام بھی دہلی کانگریس نے کیا ہے۔

کانگریس ہیڈکوارٹر سے لے کر رام لیلا میدان تک سڑکوں پر پارٹی نے پوسٹر لگا دیے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی تمام کارکنان ہاتھوں میں بینر لے کر رام لیلا میدان پہنچیں گے اور پوسٹروں کے ذریعہ سے مہنگائی کے خلاف اپنا احتجاج درج کرائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔