سماجوادی پارٹی کے فتحیاب امیدواروں میں آدھے سے زیادہ مسلمان!

ملائم سنگھ اور اکھلیش یادو ضرور جیتنے میں کامیاب رہے لیکن ان کے خاندان کے دیگر ارکان ہار گئے، دلچسپ بات یہ ہے کہ جیتنے والے امیدواروں میں آدھے سے زیادہ مسلمان ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا اعلان ہو چکا ہے اور نریندر مودی کی 2014 والی لہر اس مرتبہ سونامی بن گئی۔ اتر پردیش میں ایس پی ، بی ایس پی اور آر ایل ڈی کا اتحاد قائم ہونے کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ یہ جماعتیں کچھ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر کے بی جے پی کی راہ میں مشکلات پیدا کر دیں گی لیکن ایسا کچھ نہیں ہو سکا۔

پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو اور سرپرست ملائم سنگھ یادو کے علاوہ سماجوادی پارٹی کے جیت حاصل کرنے والے تمام امیدوار مسلم طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ سماجوادی پارٹی نے اعظم گڑھ، مین پوری، رام پور، مراد آباد، امروہہ اور سنبھل سے جیت حاصل کی ہے۔


سماجوادی پارٹی کے جیتنے والے امیدواروں کی بات کریں تو اعظم گڑھ سے اکھلیش یادو، مین پوری سے ملائم سنگھ یادو، رام پور سے محمد اعظم خان، مراد آباد سے ایس ٹی حسن، امروہہ سے کنور دانش علی اور سنبھل سے شفیق الرحمٰن برق نے جیت حاصل کی ہے۔

سال 2014 کے انتخابات میں بھی سماجوادی پارٹی نے 5 سیٹوں پر جیت حاصل کی تھی اور اس وقت وہ اکیلے انتخاب لڑ رہی تھی۔ اس مرتبہ بی ایس پی کو ضرور اتحاد کا فائدہ ملا ہے جو 10 سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔ بی ایس پی کو 2014 میں ایک بھی سیٹ پر کامیابی حاصل نہیں ہوئی تھی۔


سماجوادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو خاندان سے اکھلیش یادو کی بیوی ڈمپل یادو ، ان کے چچازاد بھائی دھرمیندر یادو اور اکشے یادو انتخاب ہار گئے ہیں۔

سماج وادی پارٹی کے جیت حاصل کرنے والے امیدوار:

اکھلیش یادو

اکھلیش یادو نے اعظم گڑھ لوک سبھا سیٹ پر بی جے پی کے دنیش لال یادو نرہوا کو شکست دی ہے۔ اکھلیش نے چھ لاکھ سے زیادہ ووٹ حاصل کئے جبکہ نرہوا کو تین لاکھ ساٹھ ہزار ووٹ ہی حاصل ہو سکے۔

ملائم سنگھ یادو

ملائم سنگھ یادو نے مین پوری سیٹ پر بی جے پی کے پریم سنگھ شاکیہ کو شکست دی ہے۔ ملائم سنگھ کو یہاں سوا پانچ لاکھ سے زیادہ ووٹ حاصل ہوئے جبکہ پریم سنگھ شاکیہ کو 4 لاکھ تیس ہزار ووٹ ہی حاصل ہو سکے۔


محمد اعظم خان

سماج وادی پارٹی کے قد آور رہنما اعظم خان نے اپنی روایتی سیٹ رام پور سے بی جے پی کی امیدوار جیہ پردا کو ہرایا۔ اعظم خان نے یہاں 5 لاکھ 59 ہزار ووٹ حاصل کئے ہیں جبکہ جیہ پردا کو محض 4 لاکھ 48 ہزار ووٹ ہی حاصل ہو سکے۔

ڈاکٹر شفیق الرحمٰن برق

ڈاکٹر شفیق الرحمٰن برق نے سنبھل سیٹ پر جیت حاصل کی ہے اور بی جے پی کے امیدوار پرمیشور لال سینی کو ہرایا ۔ شفیق الرحمٰن نے یہاں 6 لاکھ 57 ہزار ووٹ حاصل کئے جبکہ بی جے پی امیدوار کو یہاں محض 4 لاکھ 82 ہزار ووٹ ہی حاصل ہو سکے۔


ایس ٹی حسن

اتر پردیش کی مراد آباد سیٹ پر سماجوادی پارٹی کے ڈاکٹر ایس ٹی حسن نے کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے بی جے پی کے کنور سرویش کمار کو شکست دی۔ ایس ٹی حسن نے 6 لاکھ 48 ہزار ووٹ حاصل کئے جبکہ بی جے پی امیدوار کو 5 لاکھ 51 ہزار ووٹ حاصل ہوئے۔

مراد آباد سیٹ پر شاعر عمران پرتاپ گڑھی بھی کانگریس کے ٹکٹ پر میدان میں تھے جو کہ صرف 59 ہزار ووٹ ہی حاصل کر سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 24 May 2019, 6:10 PM