کرناٹک کے حجاج کرام کی واپسی، وزیر داخلہ محمدمحمودعلی نے کیا استقبال

ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام کل شب حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پہنچے۔ یہ حجاج کرام تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے ذریعہ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام کل شب حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پہنچے۔ یہ حجاج کرام تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے ذریعہ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے تھے۔ کرناٹک کے 423 پر مشتمل حجاج کرام کے پہلے قافلہ کا محمدمحمودعلی وزیر داخلہ تلنگانہ، محمدمسیح اللہ خاں صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی اور دیگر اراکین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے ایرپورٹ پر استقبال کیا۔ایرپورٹ پر جذباتی مناظر دیکھے گئے۔

حاجیوں کے استقبال کیلئے پہنچے ان کے ارکان خاندان نے ان کو گلے لگایا اور بعض افراد کی آنکھیں نم بھی تھیں۔ اس موقع پروزیرداخلہ محمد محمود علی نے کہاکہ جاریہ سال حیدرآباد سے تلنگانہ کے ساتھ ساتھ آندھرا،کرناٹک،مہاراشٹرا اورتمل ناڈو کے عازمین حج، سفر مقدس کے لئے روانہ ہوئے تھے۔حج کو جانے والے اللہ کے مہمان ہوتے ہیں۔ان کے لئے بہتر سے بہتر انتظامات کرنے کی وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے ہدایت دی تھی۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلی نے حج کمیٹی کے صدرنشین مسیح اللہ خان کو ہدایت دی تھی کہ جاریہ سال حاجیوں کے لئے مزید بہتر انتظامات کروائے جائیں۔


محمد محمود علی نے بہتر انتظامات پر مسیح اللہ خان، ان کی ٹیم اور صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد عازمین حج کے لئے بہتر سے بہتر انتظامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سفر مقدس سے واپس ہونے والے حجاج نے حج کمیٹی کے انتظامات پرمسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ حج کو جانے والے خوش نصیب ہوتے ہیں جن کو اللہ کی طرف سے بلاوا آتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ اللہ ان کا حج قبول فرمائے۔محمد محمود علی نے حاجیوں کے استقبال کے لئے ایرپورٹ کے انتظامات پر بھی مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ بالخصوص ایرپورٹ پر حاجیوں کی سہولت کے لئے واٹر پروف خیمہ لگایا گیا اورپارکنگ کی بھی مناسب سہولیات فراہم کی گئیں۔ساتھ ہی واپس ہونے والے حاجیوں کو نمازوں کی ادائیگی کیلئے بھی ایرپورٹ پر علحدہ جگہ فراہم کی گئی۔ پہلی مرتبہ 50 والنٹرس کی خدمات بھی فراہم کی گئیں جن کے ذریعہ حاجیوں کا سامان منتقل کرنے کا انتظام بھی کیاگیا۔


اس موقع پر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کا اسٹاف بھی موجودتھا۔ جناب محمدمسیح اللہ خاں صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی نمائندگی پر ایرپورٹ اتھارٹی نے حجاج کرام کے رشتہ داروں کے لئے پارکنگ کی مفت سہولت فراہم کی تھی۔ لگیج ایریا میں حجاج کے سامان کی منتقلی اور حوالگی کے لئے مناسب بندوبست کیا گیا تھا۔ کسٹم کلیرنس اور امیگریشن کے دوران حجاج کو سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی گئی۔

حجاج کرام کی فلائٹس کی آمد کے موقع پر ٹرمنل کے اندر اور باہر ڈسپلے بورڈ لگایا گیا تھا۔ حجاج کرام کے لئے ٹرمنل کے اندر اور وزیٹرس کے لئے ٹرمنل کے باہر وضو خانے‘ ٹائلٹس اور نماز گاہیں بنائی گئی ہیں۔ طیاروں کی آمد کے موقع پر حجاج کرام کی سہولت کے لئے پرنسس اسری اسپتال کے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو متعین کیا گیا ہے۔ موسم برسات کے پیش نظر وزیٹرس کے لئے بیرونی حصہ میں زیادہ سے زیادہ افراد کی گنجائش والے واٹر پروف ٹن شیڈ نصب کئے گئے ہیں اور وزیٹرس کے لئے کرسیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ غیرملکی زرمبادلہ کا اونٹر کا بھی بنایا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔