’حجاج امن عالم اور بے قصوروں کی رہائی کے لئے خصوصی دعائیں کریں‘

مدینہ منورہ خاص ادب کا مقام ہے، روضہ اطہرؐ پر حاضری دیں تو وہاں ایک مرتبہ ہلکی آواز میں کلمہ شہادت پڑھ لیں۔ وہاں درود شریف کا کثرت سے اہتمام کریں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: بسم اللہ ٹورز اینڈ ٹریولس سید علی چبوترہ حیدرآباد کے عازمین حج کے لئے حج سیمینار نصیر گارڈ جہاں نما روڈ میں منعقد کیا گیا، ممتاز علمائے کرام‘ ماہرین حج امور اور سیاسی لیڈران نے عازمین حج کو فضیلت و برکات‘ مناسک اور مسائل اور آداب زیارت روضہ نبویؐ سے واقف کروایا۔

مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم نے ابتدا میں عمرہ اور حج کے فرائض، واجبات اور سنتوں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عازمین احتیاط کے ساتھ مناسک ادا کریں۔ اگر سفر میں ان کے ساتھ کوئی عالم دین موجود ہو تو ان سے مسائل پوچھ لیا کریں، ورنہ جو باتیں بتائی گئی ہیں ان کو ذہن نشین کرلیں۔ انہوں نے بتایا کے عمرہ میں دو فرائض اور دو واجبات ہیں جبکہ حج میں تین فرض اور چھ واجبات ہیں۔ طواف زیارت 12 ذی الحجہ سے پہلے کرلینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ سے روانگی سے پہلے طواف وداع کرنا ضروری ہے لیکن عمرہ کرنے والوں کے لئے طواف وداع نہیں ہے۔

فائل تصویر
فائل تصویر

ابتدا میں خادم الحجاج الحاج حبیب عبدالقادر (حبیب قلی) نے خیر مقدم کیا۔ مولانا حافظ شیخ احمد محی الدین بانی مدرسہ نعمانیہ نے کہا کہ بیت اللہ کا حج زندگی میں ایک مرتبہ فرض ہے یہ ایک دشوار کن عبادت ہے، اللہ کا ہم پر کرم ہے کہ ہم کو آج کل جتنی سہولتیں میسر ہیں اتنی پہلے کبھی نہیں تھیں۔ پہلے یقین ہی نہیں رہتا تھا کہ مکہ مکرمہ تک پہنچیں گے بھی یا نہیں‘ پھر یہ بھی یقین نہیں رہتا تھا کہ حج کے بعد وطن واپس ہوسکیں گے یا نہیں، اب تو مہینوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہو رہا ہے۔ انہوں نے عازمین سے کہا کہ وہ ہر معاملہ میں اللہ پر ہی بھروسہ رکھیں وہی سب کام بنانے والا ہے۔

سابق صدر نشین اے پی اسٹیٹ حج کمیٹی مولانا حافظ پیر شبیر احمد صدر جمیعتہ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش نے کہا کہ اللہ نے آپ کو دعوت دی ہے اور آپ جا رہے ہیں ورنہ کوئی آپ کو نہیں بھیج سکتا۔ اس سفر میں دشواریاں تو ضرور ہوں گی‘ لیکن آپ سب برداشت کر لیجئے اور زبان سے کسی قسم کا شکوہ یا شکایت نہ کیجئے۔ صرف چند دن کی تکلیف ہے اٹھا لیں، بعد میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہاں آپ سب کے لئے خاص کر ان بے قصوروں کے لئے دعا کریں جو جیلوں میں مہینوں برسوں سے بند ہیں۔ مدینہ منورہ خاص ادب کا مقام ہے، روضہ اطہر پر حاضری دیں تو وہاں ایک مرتبہ ہلکی آواز میں کلمہ شہادت پڑھ لیں۔ وہاں درود شریف کا کثرت سے اہتمام کریں۔

رکن اسمبلی یاقوت پورہ و معتمد عمومی کل ہند مجلس اتحاد المسلمین سید احمد پاشاہ قادری نے کہا کہ عازمین حج ہمیشہ باوضو رہنے کی کوشش کریں۔ خاص کر ایام حج میں تو اس کا خاص اہتمام کریں۔ انہوں نے حکومت سعودی عربیہ کی جانب سے بہترین انتظامات کی ستائش کی اور کہا کہ یہ اللہ کی طاقت ہے جو ان سے یہ کام لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ جس کو یاد کرتے ہیں ان کو ہی یہ موقع ملتا ہے۔ عازمین حج ہمیشہ سے صبر سے کام لیں، غصہ کو پی جائیں، گلہ شکوہ نہ کریں۔

رکن اسمبلی جناب ممتاز احمد خان بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ جناب ایم اے ماجد رکن پریس کونسل آف انڈیا نے کہا کہ یہ اجتماع عازمین کے ایک دوسرے سے تعارف کا موقع ہے‘ کہ یہ تمام عرفاتی بھائی ہیں۔ انہوں نے جناب حبیب قلی کی خدمات کی ستائش بھی کی۔ جناب محمد قمر الدین صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ اقلیتی کمیشن نے عازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ سفر حج کے دوران چھوٹی چھوٹی باتوں پر الجھیں نہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔